کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے عوام کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کراچی کے شہریوں کو لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ صرف احتیاط ہی سے ممکن ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ شہری پولیس کی مدد کریں اور لاک ڈاؤن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں، اسد شفیق نے بھی شہریوں سے حکومت اور پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد بھی لاک ڈاؤن کے سبب گھر پر موجود ہیں اور چند روز قبل ان کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ گھر میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: پوری قوم کو ڈاکٹرز اور نرسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، وقار یونس
یاد رہے کہ اس سے قبل بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ڈاکٹرز اور نرسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، ڈاکٹر کو حوصلہ ملے گا تو وہ اس وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی مہم میں جو لوگ بڑھ چڑھ کر آگے آرہے ہیں ہمیں ان سب کی قدر کرنی چاہئے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ’میں نے سب کے لیے ڈی ایم (ڈائریکٹ میسج) آپشن کھول دیا ہے، براہ کرم اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔
کرونا وائرس کے پیش نظر فاسٹ بولر سہیل تنویر نے بھی ضرورت مند لوگوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا تھا۔