جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کرونا وائرس، ٹرمپ کا امریکی شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: کرونا وائرس کے پیش نظر امریکی صدر ٹرمپ نے شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کاروبار بند ہونے سے متاثر امریکیوں کو امدادی چیک دئیے جائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں کاروبار بند ہونے سے بڑی تعداد میں بیروزگاری ہے، اس وقت ہمیں نظر نہ آنے والے دشمن سے لڑائی کا سامنا ہے، ہم یہ لڑائی بہت جلد جیت جائیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے آسان قرضوں کا بندوبست بھی کررہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ امریکیوں کو جلد از جلد امدادی رقوم بھیجی جائیں، سیکریٹری خزانہ اسٹیون منچن کا کہنا ہے کہ متاثر امریکیوں کو براہ راست امدادی چیک بھجوائے جائیں گے، امدادی چیک آئندہ 2 ہفتے تک بھجوانا شروع کردیں گے۔

مزید پڑھیں: کروناوائرس: چین اور امریکا ایک بار پھر آمنے سامنے

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں یومیہ بریفنگ کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہیں، غیرضروری صحافیوں کا وائٹ ہاؤس میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صحافیوں کو داخلے سے پہلے دروازے پر بخار چیک کرانا ہوگا، وائٹ ہاؤس کی ریسپونڈنٹ ایسوسی ایشن آنے والے صحافیوں کا انتخاب کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم جاری کیا اورہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی۔

حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا جبکہ طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر کو بھی گھروں پر ہی محصور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں