کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں صوبے میں 109 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، 24 گھنٹےمیں بلوچستان میں کرونا وائرس پھیلنے کی شرح 7.40 فیصد رپورٹ کی گئی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 4.37 فیصد رپورٹ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں صوبے میں 109 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
صوبے بھر میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 329 ہو گئی۔
یاد رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، مثبت کیسز کی شرح بھی 9 فیصد ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 60 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 635 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہوگئی۔