پیرس: فرانس میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کرسمس بازار میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں قائم کرسمس بازار میں فائرنگ ہوئی تھی جس کے باعث تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ میں ملوث حملہ آور کو پولیس نے دوران کارروائی ہلاک کردیا، اور حکام نے بھی واقعے کی تصدیق کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی تلاش کے لیے حملے کے بعد سے ہی چھاپے مارے جارہے تھے، فائرنگ کرنے والا شخص اسٹراسبرگ کے علاقے نودریف میں اہم آپریشن کے دوران ہلاک ہوا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فائرنگ کا واقعہ فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ میں پیش آیا تھا جہاں کرسمس بازار میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی کردیا تھا۔
فرانس: کرسمس بازار میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 12 زخمی
بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے پیچھا کیا اور اس دوران پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حملہ آور کی فائرنگ سے پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہےکہ 2015 کے آغاز سے فرانس میں دہشت گرد حملوں میں 230 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد ان حملوں میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔