14.3 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

بابر اعظم پر تنقید، کپتان کے والد نے محمد آصف کو کیا جواب دیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کے اعلان کے بعد سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے اسکواڈ اور کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر بابر اعظم کے والد جواب دے دیا۔

سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے ورلڈ کپ کے قومی اسکواڈ کے اعلان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کھلاڑیوں کی سلیکشن پر سوال اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ ٹیم میں سب اوسط درجے کے بولرز ہیں اور کوئی خاص نہیں ہے۔

محمد آصف نے کپتان بابر اعظم پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ بابر اعظم بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں لیکن وہ بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیل کر رضوان پر دباؤ ڈالتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کی دعویٰ بھی کیا تھا کہ میں نے بابر اعظم کو زیڈ ٹی بی ایل کے ٹرائلز میں منتخب کرایا تھا، آپ ان کے والد سے پوچھ سکتے ہیں۔

- Advertisement -

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سابق فاسٹ بولر نے یہ بھی چیلنج دیا تھا کہ میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کراسکتا ہوں، اگر آپ بابراعظم کو اچھی گیندیں کرائیں تو وہ شاٹ نہیں لگا سکتے۔

محمد آصف کے تنقید کے نشتروں سے بھرے اس بیان پر بابر اعظم کا تو کوئی ردعمل نہیں آیا لیکن ان کے والد محمد اعظم نے سابق بولر کو کرارا جواب دے ڈالا۔

اعظم صدیقی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی جس کو بعد ازاں انہوں نے ڈیلیٹ بھی کر دیا۔ اس میں انہوں نے لکھا کہ 16 ہزار 800 روپے جو پہلی تنخواہ ملی تھی اس نے بابر کو آگے بڑھنے میں مدد کی۔ اول تو یہ وقت کبھی نہیں آئے گا اگر آ بھی گیا تو بابر احترام کی وجہ سے ہر صورت آپ (محمد آصف) کا اوور میڈن کھیل جائے گا کیونکہ آپ کی بر وقت گواہی ہمارے بڑے کام آئی تھی۔

اعظم صدیقی نے مزید لکھا کہ جب انڈر 16 کا ورلڈ کپ کھیل کر آیا ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ کے ساتھ ایک کلب اسکول آف کرکٹ ہوا کرتا تھا اُس کلب کے ساتھ بابر کے کلب کا میچ ہوا، دوسری طرف سے اُس وقت محمد آصف کم بیک کی تیاریاں کر رہےتھے، وہ یہ میچ کھیلے، بابر اوپن کرتا تھا محمد آصف نے اٹیک کیا بابر نے اُس میچ میں 84 کیا اور آصف نے ہی اُسے آؤٹ کیا، خیر اننگ ختم ہوئی بابر بڑا دل برداشتہ باہر آیا میرے استفسار پر بتایا کہ آصف بھائی نے بہت بُرا بھلا کہا ہے، میں نے اُس کو تسلی دی اور کہا تم نے بھی تو اُن کو 11 چوکے مارے ہیں خیر بات یہاں ختم ہوگئی۔

اعظم صدیقی نے مزید بتایا کہ محترم منصور رانا نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل کی طرف سے کھیلنے میں مدد کی نیشنل اکیڈمی میں بابر کا ٹرائل ہورہا تھا محمد آصف آئے تو ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا تھا، اس وقت بابر نے پیڈ کیے ہوئے تھے دیکھ کر کہا اوئے چھوٹو کدھر؟، بابر نے بتایا آصف بھائی بینک کے ٹرائل ہیں، اُسی وقت وہ بینک انتظامیہ کے پاس گئے اور بڑے سخت لہجے میں کہا اس کا کیا ٹرائل لے رہے ہو اس نے مجھے مارمار کر تھکا دیا تھا، 11 چوک مارے ہیں لکھو اس کا نام اور بینک میں رکھو، یہ تمھارے بڑے کام آئے گا۔

اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ کے آخر میں عوام سے درخواست کی کہ محمد آصف کے بارے میں کوئی الٹی سیدھی بات نہ کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں