تازہ ترین

کرنسی اسمگلرز کیخلاف گھیرا تنگ : اسحاق ڈار کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں کو سخت ترین اقدامات کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرنسی اسمگلنگ روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔

وزیر خزانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسداد اسمگلنگ کے لیے تمام ادارے اور محکمے باہمی تعاون کا دائرہ مزید بڑھائیں۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کرنسی، یوریا اورگندم کی اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، انسداد اسمگلنگ کیلئے بین الوزارتی کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ انسداد اسمگلنگ کیلئے انٹیلیجنس ادارے پہلے سے زیادہ فعال کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ کرنسی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور معاشی ماہرین اسے معیشت کی تباہی قرار دیتے ہیں۔ زیادہ تر بین الاقوامی تجارت ڈالر کے ذریعے کی جاتی ہے۔ اس لیے اکثر ممالک کی معاشی پالیسی یہ ہوتی ہے کہ ان کے خزانے میں ڈالر کی ایک بڑی مقدار موجود رہے۔

اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ڈالر کی بیرون ملک منتقلی کی ایک حد مقررکی جاتی ہے، مقررہ مقدار سے زیادہ ڈالر بیرون ملک لے جانے کی صورت میں ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، کروڑوں روپے برآمد

کچھ لوگ غیر قانونی طریقے اور اسمگلنگ کے ذریعے ڈالر وغیرہ بیرون ملک لے جانا چاہتے ہیں۔ ان میں سے بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈالر وغیرہ کے متعلق ٹیکس کے ملکی قوانین غیر منصفانہ ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ بسا اوقات ذاتی کاروبار کے سلسلے میں ڈالر وغیرہ بیرون ملک لے جانا پڑتے ہیں۔ اس صورت میں اگر قانونی راستہ اختیارکیا جائے تو بھاری بھرکم ٹیکس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ متعلقہ کاروبار میں بچت بہت کم ہوتی ہے۔

Comments

- Advertisement -