تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

فٹ بال کے عظیم کھلاڑی میرا ڈونا اور ’ہینڈ آف گاڈ‘!

فٹ بال کی تاریخ میں میرا ڈونا ایسے غیر معمولی باصلاحیت اور جوشیلے کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، جس نے اپنے مداحوں کو حیران اور حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو پریشان رکھا جب کہ خود ان کی ذات اور نجی زندگی کو مسائل اور مشکلات نے گھیرے رکھا۔

فٹ بال کے بے مثال کھلاڑی میرا ڈونا کھیل کے میدان میں اپنی شان دار کارکردگی، اپنے حیرت انگیز اور پُرجوش انداز کے سبب شائقین میں‌ بے حد مقبول ہوئے، لیکن ان کی شخصیت اور کیریئر بدنامی اور تنازع سے بھی دوچار ہوا۔

اس عظیم کھلاڑی نے زندگی کی 60 بہاریں دیکھیں‌۔ وہ 25 نومبر 2020ء کو ارجنٹائن کے دارُالحکومت بیونس آئرس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے تھے۔ تاہم بعد میں اس موت کو اُن کے معالج کی کوتاہی کا نتیجہ بتایا گیا۔ ایک خاتون نے اس عظیم کھلاڑی پر جنسی زیادتی کا الزام بھی عائد کردیا۔ یوں اپنی زندگی میں دنیا کے سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والے کھلاڑی میرا ڈونا اپنی موت کے بعد بھی زیرِ بحث رہے۔

فٹ بال کی تاریخ میں ان کا ایک متنازع گول ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ بعد میں وہ نشے کی لت میں‌ پڑ گئے اور ذاتی زندگی بھی بحران کی زد میں‌ رہی۔

میرا ڈونا 1960ء میں ارجنٹینا، بیونس آئرس کے ایک قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا نام ڈی ایگو ارمانڈو میرا ڈونا تھا جو اپنی جسمانی پُھرتی اور کھیلوں میں دل چسپی کے سبب فٹ بال کے سپر اسٹار بنے۔

میرا ڈونا نے کم عمری ہی سے فٹ بال کے کھیل میں حیرت انگیز صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کرکے لاس سیبلیوٹاس کی یوتھ ٹیم کی کپتانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا تھا۔ انھوں نے اپنی ٹیم کو لگاتار مقابلوں میں ناقابلِ شکست بنائے رکھا اور محض‌ 16 سال کے تھے جب بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں اپنی جگہ بنانے میں کام یاب ہوگئے۔

فٹ بال کی دنیا کا یہ عظیم کھلاڑی دوسرے کھلاڑیوں کی طرح لمبا چوڑا نہیں تھا بلکہ ان کا قد صرف پانچ فٹ، پانچ انچ تھا۔ میرا ڈونا کو فٹ بال سے عشق تھا جس نے وہ پھرتی، تیز رفتاری، گیند پر کنٹرول اور اسے خوبی سے پاس کرنے کے ساتھ موقع پاتے ہی گول کرنے کی صلاحیت نے کام یاب ترین کھلاڑی بنا دیا تھا۔

1986ء میں وہ اپنے ملک کے لیے میکسیکو میں منعقدہ فٹبال ورلڈ کپ سے حریف ٹیم سے فتح چھین کر لائے تھے اور اس کے چار برس بعد دوبارہ اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔ اسی عظیم مقابلے کے کوارٹر فائنل میں ایک ایسا تنازع بھی سامنے آیا جس نے ان کی زندگی کو متاثر کیا۔ انھوں نے انگلینڈ کے گول کے قریب حریف گول کیپر کے ساتھ ہوا میں اچھل کر فٹبال کو مکّا مارا اور گول کر دیا۔ یہی وہ مشہور متنازع گول ہے جس کا ذکر ہم نے اوپر کیا تھا۔ لیکن کے چند منٹ بعد ہی انھوں نے ایک حیران کُن گول بھی کیا جسے ’صدی کا سب سے شان دار گول‘ قرار دیا گیا۔

میرا ڈونا کو شراب اور کوکین کے بہت زیادہ استعمال کے باعث دماغی اور جسمانی صحّت کے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کا وزن بھی بڑھ گیا تھا اور 2004ء میں بھی انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ میرا ڈونا نے مٹاپے سے نجات کے لیے گیسٹرک بائی پاس سرجری کروانے کے بعد نشّے کی لت سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش بھی کی اور اس کے لیے کیوبا میں وقت گزارتے رہے۔

2008ء میں انھیں ارجنٹائن کی قومی ٹیم کا منیجر نام زد کیا گیا، لیکن ایک مقابلے میں جرمنی سے شکست کے بعد انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انھوں نے ارجنٹائن کے لیے 91 میچ کھیلے۔ اپنے کیریئر میں301 گول کیے تھے۔

Comments

- Advertisement -