پاکستان میں اسٹیج اور ریڈیو کے معروف فن کار اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنی شان دار اداکاری کے سبب شہرت حاصل کرنے والے ظہور احمد یکم فروری 2009ء کو وفات پاگئے تھے۔
ظہور احمد 1934ء کو ناگ پور، ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے تھیٹر پر اپنی شان دار پرفارمنس سے پہچان بنائی اور اسٹیج ڈراموں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جب پی ٹی وی کا قیام عمل میں آیا تو 60 اور 70 کی دہائی میں ان کا شمار اس میڈیم کے مصروف اداکاروں میں ہونے لگا۔
انھوں نے مشہور ڈراما سیریز خدا کی بستی کا وہ اہم کردار ادا کیا جو ان کی شناخت بن گیا۔ اس ڈرامے میں انھوں نے نیاز کباڑیے کا کردار اس خوبی سے نبھایا کہ ناظرین اسے آج تک فراموش نہیں کرسکے۔ ظہور احمد نے نظام سقّہ اور نور الدین زنگی کے کرداروں سے بھی خوب شہرت حاصل کی۔ ڈراما آخری چٹان اور چنگیز خان میں انھوں نے اعلیٰ درجے کی اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ یہ دونوں تاریخی کھیل تھے جنھیں ناظرین نے بہت پسند کیا اور ظہور احمد کو زبردست پذیرائی ملی۔
ظہور احمد کے پاکستان ٹیلی ویژن کے یادگار ڈراموں میں دیواریں، پردیس اور آہن بھی قابلِ ذکر ہیں۔ اس باکمال اداکار نے بعد میں چند فلمیں بھی کیں جن میں ہیرا اور پتھر، ارمان، بادل اور بجلی، شہر اور سائے، مسافر شامل ہیں۔
ظہور احمد اسلام آباد میں مدفون ہیں۔