پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تیار کردہ دفاعی مصنوعات کو خطے کے دوسرے ممالک میں نمایاں مقام حاصل ہے‘ پی او ایف جدید ہتھیار تیار کررہا ہے۔
اے آروائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے جنرل عمر محمود حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے نئی ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیار متعارف کروائے ہیں، 20 سے زائد ممالک نے دفاعی نمائش میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ایم او یوز پر دستخط کیے ۔
چیئرمین پی او ایف کاکہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے خود کفالت کا راستہ اپناتے ہوئے اسلحہ سازی میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے ، پاکستان کے اسلحہ ساز ادارے اپنی مسلح افواج کے علاوہ دیگر ممالک کی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو جدید ہتھیار فراہم کیے جس کی وجہ سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔