نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے سبب عوام کا جینا دو بھر ہوچکا ہے، جبکہ بدترین فضائی آلودگی پر قابو پانے میں حکومت ناکام نظر آرہی ہے، ایسے میں کانگریس کی جانب سے حکومت پر کڑی تنقید کی گئی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر کانگریس لگاتار حکومت پر حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ آج دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود مرکزی اور دہلی حکومت راجدھانی میں آلودگی کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تو اسے گرین سٹی کا ایوارڈ امریکہ سے ملا تھا۔
راجدھانی میں حالات کی سنگینی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 22 نومبر کو جاری فہرست میں دہلی دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے مقام پر پہنچ گیا۔دونوں حکومتیں آلودگی ختم کرنے کی جگہ بارش ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔
اروندر سنگھ لولی کا کہنا تھا کہ دہلی حکومت اور مرکزی حکومت نے زہریلی ہوا کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں اُٹھایا، جبکہ سپریم کورٹ نے فضائی آلودگی کو روکنے میں بے حسی دکھانے پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔
اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے فضائی آلودگی خطرناک سطح پر ہے۔ پھیپھڑے، قلب اور آنکھوں کی بیماریاں لوگوں کو پریشان کر رہی ہیں اور اسپتالوں میں بڑی تعداد میں مریض آ رہے ہیں۔
اروندر لولی نے کہا کہ حکومت عوام کو مشورہ دے رہی ہے، لیکن آلودگی کو پوری طرح سے ختم کرنے کے لیے کارگر قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ حالت یہ ہے کہ آج دنیا میں دہلی کی پہچان دَم گھونٹو آلودگی والے شہر کی شکل میں ہو رہی ہے۔
دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ دَم گھونٹو خطرناک آلودگی کی وجہ سے دہلی کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ سانس، دمہ، پھیپھڑے کی تکلیف والے مریضوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔