پیر, ستمبر 16, 2024
اشتہار

ویڈیو: شدید بارش کے بعد سڑک میں بنے گڑھے میں ڈیلیوری ایجنٹ موٹر سائیکل سمیت غائب

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام کی سڑکیں شدید بارشوں کے بعد جگہ جگہ تالابوں کی صورت اختیار کر گئی ہیں، کئی مقامات پر تو بننے والے گڑھے گہرے غاروں کی مانند صورت اختیار کر گئے ہیں۔

ایسے ہی ایک گڑھے میں ایک ڈیلیوری ایجنٹ اپنی موٹر سائیکل سمیت غائب ہو گیا، یہ بسائی روڈ کا واقعہ ہے جب ڈیلیوری ایجنٹ اپنی بائیک پر جا رہا تھا اور ایک معمولی گڑھا سمجھ کر آگے بڑھا اور اگلے لمحے وہ لوگوں کی نگاہوں سے اوجھل ہو گیا تھا۔

گڑھے میں نہ صرف رائیڈر بلکہ موٹر سائیکل بھی پوری طرح ڈوب گئی تھی، خوش قسمتی یہ تھی کہ ڈیلیوری ایجنٹ تیرنا جانتا تھا اس لیے وہ تو فوری طور پر تیر کر باہر نکل آیا، تاہم اس کی موٹر سائیکل کو نکالنے کے لیے بعد میں ایمرجنسی سروسز طلب کرنی پڑی۔ میڈیا نے اس صورت حال پر تبصرہ کیا ہے کہ گروگرام اناڑیوں کے لیے نہیں ہے، یہاں ماہر تیراک ہی سڑکوں پر گاڑی چلا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ بسائی روڈ پر چند مہینوں میں تیسری بار اسی جگہ پر سڑک اندر دھنسنے کا واقعہ پیش آیا ہے، بارشوں کی وجہ سے شہر کا انفراسٹرکچر مزید تباہ حال ہو گیا ہے، جولائی میں طلبہ کی ایک بس ایک گہرے گڑھے میں گر کر پھنس گئی تھی، جسے دوسری بس کی مدد سے نکالا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی صبح ہونے والی شدید بارش کے بعد گروگرام میں کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔


Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں