تازہ ترین

فیض حمید پر الزامات کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی قائم

اسلام آباد: سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹلیجنس (آئی...

افغانستان سے دراندازی کی کوشش میں 7 دہشتگرد مارے گئے

راولپنڈی: اسپن کئی میں پاک افغان بارڈر سے دراندازی...

‘ سعودی وفد کا دورہ: پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی’

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے...

پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار

پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث عالمی ادارہ صحت...

نو مئی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے جج کیخلاف ریفرنس دائر

راولپنڈی: نو مئی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے...

دلیپ کمار کی صحت کے حوالے سے اہم خبر

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کی طبعیت اب پہلے سے بہتر ہے۔ اہلیہ پُرامید ہیں کہ ڈاکٹرز جلد انہیں اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دیں گے۔

دلیپ کمار کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہنشاہِ جذبات کی طبیعت کے حوالے سے ایک تفصیلی ٹویٹ کیا، جس میں انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔

سائرہ بانو نے مداحوں کو یقین دلانے کے لیے دلیپ کمار کی حالیہ تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ اسپتال کے بستر پر بیٹھے نظر آرہے ہیں جبکہ اُن کے ساتھ اہلیہ بھی ہیں۔

لیجنڈری اداکار کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والے بیان میں سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ چند روز سے میرے محبوب شوہر، یوسف خان کی طبیعت ناساز ہے، جس کے بعد وہ ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’اس تحریر کے ذریعے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے دلیپ صاحب کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہمیشہ اُن سے اپنی محبت کا اظہار کیا‘۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار سے متعلق خبریں‌ زیر گردش، اہل خانہ نے خاموشی توڑ‌دی

’میرے شوہر ، میرا ہیرا اور ہمارے دلیپ کمار صاحب کی طبیعت اب بہتر ہے اور ڈاکٹرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں جلد گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی‘۔

سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے پرستاروں سے اپیل کی کہ ’آپ لوگ افواہوں پر یقین نہ کریں، میں آپ سے پھر اپیل کرتی ہوں کہ صاحب کی صحت یابی کے لیے دعا کریں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ تمام لوگوں کے لیے دعا گو ہوں کہ اللہ اس وبا سے سب کو محفوظ رکھے اور سب کو صحت و تندرستی عطا فرمائے۔ آپ کی مخلص، سائرہ بانو خان‘۔

ایک روز قبل دلیپ کمار کے حوالے سے خبریں زیرِ گردش تھیں کہ اُن کی طبیعت شدید ناساز ہوگئی ہے، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اہل خانہ نے ایک روز قبل مداحوں کو آگاہ کیا کہ دلیپ کمار کو وینٹی لیٹر پرمنتقل نہیں کیا گیا بلکہ انہیں سانس لینے میں پریشانی کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں آکسیجن لگائی گئی ہے، مجموعی طور پر طبیعت پہلے سے بہت بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار اسپتال منتقل، اہلیہ کی مداحوں سے اپیل

 اتوار کے روز بھی واٹس ایپ پر اُن کے انتقال کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں، جس پر اہل خانہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کردی تھی۔

واضح رہے کہ ہفتے کی شب دلیپ کمار کو طبیعت خراب ہونے کے بعد اہل خانہ اسپتال لے کر پہنچے تھے، جہاں ڈاکٹرز نے اُن کے ضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرلیا تھا۔

اہل خانہ نے بتایا تھا کہ ’دلیپ صاحب کو گزشتہ کئی روز سے سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا، جس کے باعث انہیں اسپتال لایا گیا ہے‘۔

دلیپ کمار کا تعارف

یاد رہے کہ یوسف خان عرف دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو خیبرپختونخواہ کے علاقے پشاور میں پیدا ہوئے، تقسیم برصغیر سے قبل یہ خاندان خیبرپختونخواہ میں ہی آباد تھا بعد ازاں یوسف خان کے والد غلام سرور 1935 میں اپنے اہل خانہ سمیت ہندوستان کے شہر ممبئی منتقل ہوئے جہاں انہوں نے اپنا کاروبار جاری رکھا۔

دلیپ کمار کے والد پھلوں کی تجارت کرتے تھے، ممبئی منتقلی کے بعد 1943 میں دلیپ کمار کی ملاقات بمبئی ٹاکیز کے مالکان سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم میں مرکزی کردار کی پیش کش کی، دلیپ کمار کی منظوری کے بعد فلم ’’جواربھاٹا‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کیا گیا۔

یوسف خان کی پہلی فلم 1943 میں ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے دلیپ کمار کا کردار ادا کیا ‘ عوامی مقبولیت کے بعد آپ کا اصل نام کہیں کھو گیا تاہم فلمی نام دلیپ کمار کے نام سے انڈسٹری میں پہچان ملی۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کی اہلیہ خیبرپختونخواہ حکومت کی معترف

بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ کے نام سے مشہور تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط ہے، انہوں نے اپنے کیریئر میں 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ دلیپ کمار فلم دیوداس (1955) ، نیا دور (1957) ، مغل اعظم (1960)، گنگا جمنا (1961)، کرانتی (1981) اور کرما (1986) جیسی فلموں میں اپنے مشہور کرداروں کے لئے جانے جاتے ہیں۔ اداکار دلیپ کمار کو 1994 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا جاچکا ہے۔

Comments

- Advertisement -
عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں