اشتہار

سری لنکا کے نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کولمبو: دنیش گناوردینا سری لنکا کے نئے وزیر اعظم بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے قائد ایوان اور سابق وزیر دنیش گناوردینا نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

سری لنکن ذرائع ابلاغ کے مطابق 73 سالہ دنیش گناوردینا نے جمعہ کی صبح فلاور روڈ پر واقع وزیر اعظم دفتر میں نو منتخب صدر رانیل وکرما سنگھے کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

- Advertisement -

دنیش گناوردینا سابق وزیر اعظم مہیندا راجاپاکسے کے قریبی ساتھی ہیں، وہ راجا پاکسے کے سیاسی خاندان کے حلیف ہیں، انھیں حال ہی میں ملک کے صدر بننے والے رانیل وکرماسنگھے نے وزیر اعظم مقرر کیا تھا۔

دنیش گناوردینا پانی کی فراہمی اور نکاسئ آب، تعلیم اور خارجہ امور کی وزارتوں میں کام کر چکے ہیں، وہ صدر وکرما سنگھے کے اسکول کے دوست ہیں اور ان کا تعلق مشہور سیاسی خاندان سے ہے۔

ملک کی معاشی تباہی پر راجا پاکسے سے ناراض مظاہرین 104 دنوں سے کولمبو میں صدارتی محل کے قریب مرکزی احتجاجی کیمپ پر بیٹھے ہوئے تھے، جنھیں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خالی کرنے کے چند گھنٹوں کے بعد نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھایا۔

فوج اور پولیس کے اہل کار نصف شب کے قریب ٹرکوں اور بسوں میں پہنچے، اور خیمے اور احتجاجی بینرز اکھاڑ دیے، انھوں نے کیمپ کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا اور بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ سیکیورٹی فورسز نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے اور تشدد کے دوران صحافیوں کو بھی مارا پیٹا گیا۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے عوام مہینوں سے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور اپنے رہنماؤں سے اس معاشی بحران پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سری لنکا کے 22 ملین افراد کو ادویات، خوراک اور ایندھن جیسی ضروری اشیا کی شدید قلت ہو گئی ہے۔

مظاہروں نے گزشتہ ہفتے سابق صدر گوتابایا راجا پاکسے کو بھی اقتدار سے ہٹا دیا تھا، جن کے خاندان نے گزشتہ دو دہائیوں میں سے زیادہ سری لنکا پر حکومت کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں