جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

ریسٹورنٹس میں اِن ڈور ڈائننگ، صرف ویکسینیٹڈ افراد کو اجازت ہوگی، این سی او سی کے کئی اہم فیصلے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جولائی سے کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک جاری رہیں گی، اِن ڈور ڈائننگ میں 50 فی صد افراد کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی، تاہم صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی ان ڈور ڈائننگ کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ویکسینیشن کے وسیع پروگرام اور اہم اقدامات کے ذریعے کرونا وبا کو قابو میں لائے جانے کے بعد آج اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ملک میں کرونا وبا کی صورت حال، ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسینیشن مہم پر غور کیا گیا، بتایا گیا کہ جو فیصلے اجلاس میں کیے گئے ہیں ان ملک بھر میں اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

- Advertisement -

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق یکم جولائی سے کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک جاری رہیں گی، مارکیٹیں اور دکانیں رات دس بجے تک کھلی رہیں گی، پٹرول پمپس، فارمیسیز، اور ویکسینیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہ سکیں گے۔

دودھ کی دکانیں، تندور، ٹیک اوے کی سہولت 24 گھنٹے ہوگی، اِن اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہو سکے گی۔

اِن ڈور ڈائننگ میں 50 فی صد افراد کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی، اِن ڈور ڈائننگ 50 فی صدگنجائش، ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ ہوگی، ہوٹل، ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کی مجاز ہوں گی، ہوٹل اور ریسٹورنٹ انتظامیہ ملازمین کی ویکسینیشن کرانے کی پابند ہوگی، ٹیک اوے کی سہولت 24 گھنٹے، ہفتے کے 7 دن دستیاب ہوگی۔

آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کے انعقاد کی اجازت ہوگی، شادی میں 400 مہمان شریک ہو سکیں گے، اور شادی کی تقریبات میں کرونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی، اِن ڈور شادی تقریب میں ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی، اور تقریب میں 200 مہمان شریک ہو سکیں گے، شرکا کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیکنگ کا نظام شادی ہال انتظامیہ وضح کرے گی، انتظامیہ ملازمین کی کرونا ویکسینیشن بھی یقینی بنائے گی۔

واضح رہے کہ این سی او سی کے تمام فیصلے 31 جولائی تک نافذ العمل رہیں گے، اعلامیے کے مطابق این سی او سی کے فیصلوں پر 27 جولائی کو نظر ثانی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق صوبے، ضلعی انتظامیہ اپنی صوابدید پر مزارات کو از خود کھول سکتے ہیں، این سی او سی کی ایس او پیز کے ساتھ سینما رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت بھی دے دی گئی، کرونا ویکسین لگوانے والے افراد کو سینما گھر داخلے کی اجازت ہوگی، سینما گھر انتظامیہ ملازمین کی کرونا ویکسینیشن کرانے کی ذمہ دار ہوگی۔

این سی او سی نے ملک بھر میں کرونا سے متعلق دیگر پابندیاں جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کرونا صورت حال کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوگا، حسب ضرورت لاک ڈاؤن کے لیے این سی او سی صوبوں کو معاونت فراہم کرے گی۔

مذہبی اور میوزیکل فنکشنز سمیت دیگر تمام اقسام کی اِن آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹ، رگبی، واٹر پولو، کبڈی، ریسلنگ پر پابندی ہوگی، اِن ڈور جم میں ویکسینیٹڈ افراد اور ممبرز کو جانے کی اجازت ہوگی، اور عملے کے لیے کرونا ویکسینیشن لازم ہوگی۔

سرکاری اور نجی دفاتر میں مکمل حاضری ہوگی، معمول کے اوقات کار نافذ رہیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فی صد سواریوں کے ساتھ چلنے کی اجازت ہوگی، سفر کے لیے ماسک کا استعمال لازم ہوگا، ریل گاڑیاں بھی 70 فی صد سواریوں کے ساتھ آپریٹ ہو سکیں گی، اور سفر کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد اور ماسک لازم ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں ہفتہ وار ایک روز کے لیے چھٹی ہوگی، اور ہفتہ وار چھٹی کے لیے دن کا انتخاب صوبوں کی صوابدید ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں