اشتہار

نگراں وزیر اعظم پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے بھارت میں اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے ہندوستان میں ہونے والے اقلیتوں کے استحصال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر لانچ کر دیا ہے، جس میں مسلمانوں، عیسائیوں اور باقی مذاہب کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کے واقعات شامل کیے گئے ہیں۔

بھارت کے خلاف تفصیلی ڈوزیئر اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، ایپری ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تاریخ کی بدترین نسل کشی جاری ہے، ہندوتوا نظریات کے حامل افراد اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

- Advertisement -

ڈوزیئر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے، 2021 میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کے 294 واقعات سامنے آئے، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں 24 ہزار 496 مذہبی مقامات کو سرکاری تحویل میں لیا گیا۔

دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کی معاشی حقیقت ہے، اور پاکستان کی نظریں تجارت بڑھانے کے لیے مشرق پر ہیں مگر ہمیں باوقار کردار ادا کرنا ہوگا، بھارت کے ساتھ پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھ کر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بھارت میں ہندوتوا پالیسی بہت بڑا چیلنج ہے، اور مستقبل میں ہندوتوا کا نظریہ پوری دنیا کے لیے چیلنج بن جائے گا۔

انھوں نے کہا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش کرتا ہے، انھوں نے اسرائیل فلسطین جنگ کے حوالے سے کہا کہ یورپ یا کہیں اور تنازع ہو تو مغرب کا دہرا معیار نظر آتا ہے، غزہ میں اسرائیلی درندگی کی مثال نہیں ملتی، فسلطینیوں پر اسرائیلی فوج پے درپے حملے کر رہی ہے، میرے نزدیک بچوں کو مارنے کا کوئی جواز قبول نہیں کیا جا سکتا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں