لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت تین محاذوں پر لڑ رہا ہے، کرونا وائرس کے خلاف جنگ کو ساری دنیا نے سراہا ہے۔ ڈینگی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 دنوں میں 25 لاکھ لوگوں کو ویکسین مل چکی ہے، تمام طلبہ ویکسین لگائیں تاکہ اسکول بند نہ کرنے پڑیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی ایک نئی لہر دیگر ممالک میں شروع ہوگئی ہے، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوائیں تاکہ کاروبار بند نہ کرنا پڑے۔ ویکسین لگانے کا مطلب یہ نہیں کہ کرونا وائرس نہیں ہوگا مگر اس کی شدت کم ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماسک اب بھی ضروری ہے، ہاتھوں کو دھونا اور سماجی فاصلے کا خیال اب بھی رکھنا چاہیئے۔ ڈینگی بہت بڑا چیلنج ہے جنوری سے اس پر کام جاری تھا، کوشش ہے کہ تمام اسکولوں میں اسپرے کیا جائے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت محکمہ صحت تین محاذوں پر لڑ رہا ہے، کرونا وائرس کے خلاف جنگ کو ساری دنیا نے سراہا ہے۔ ڈینگی پر بھی جلد قابو پالیں گے۔