تازہ ترین

’قصبہ کالونی گھر میں آگ نشے کے عادی افراد کی جلائی آگ سے لگی‘

کراچی: شہر قائد کے علاقے قصبہ کالونی میں نشے کے عادی افراد کی جلائی آگ سے گھر خاکستر ہو گیا، اور 3 معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق قصبہ کالونی کے ایک گھر میں آگ لگنے سے تین بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے، آتش زدگی کا واقعہ فرنٹیئر کالونی کی پہاڑی پر واقع گھر میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی عمریں 8 سال سے کم ہیں۔ جاں بحق بچوں میں 5 سالہ عظمیٰ، 6 سالہ اقصیٰ اور 7 سالہ محمد شامل ہیں۔

اہل علاقہ کے مطابق رات کے اوقات میں نشہ کرنے والے افراد پہاڑی پر قائم گھروں کے ساتھ آگ جلاتے ہیں، نشہ کرنے والوں کی لگائی گئی آگ گھر تک پھیل گئی، جس کی وجہ سے گھر بھی مکمل طور پر جل گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال سے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر رات میں منشیات فروش اس علاقے میں موجود ہوتے ہیں، لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، مکینوں نے یہ بھی بتایا کہ آگ لگنے کے بعد کچھ بچے گھر سے نکل گئے تھے لیکن 3 اندر سوتے رہ گئے۔

دوسری طرف گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آگ لگنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اسلامیہ میانوالی کالونی میں پیش آنے والا واقعہ نہایت افسوس ناک ہے۔

Comments

- Advertisement -