تازہ ترین

منشیات فروش نے پیسے نہ دینے پر منشیات فروش سے منشیات فروش کو قتل کروا دیا

کراچی: پولیس نے شہر قائد کے علاقے بغدادی شاہ بیگ لین میں چار روز قبل منشیات فروش کی ہلاکت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مبینہ مرکزی ملزم اور منشیات فروش خالد نے بدنام زمانہ منشیات فروش ریاست سے سپاری لے کر منشیات فروش زاہد کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بغدادی شاہ بیگ لین میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، اور رکشہ ڈرائیور زخمی ہوا تھا، معلوم ہوا کہ ہلاک شخص منشیات فروش تھا، جسے گینگ کے ساتھی خالد نے قتل کروایا تھا۔

ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق پولیس نے ملزم ٹارگٹ کلر خالد کو گرفتار کر لیا ہے، وہ لیاری کے ریاست جدگال گینگ کا کارندہ ہے، اور خود بھی منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے۔

ٹارگٹ کلر خالد کا ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا ہے، جس میں اس نے بتایا ’’میں روز 3 لاکھ روپے تک منشیات بیچ کر پیسے ریاست کو دیتا ہوں، مقتول زاہد نے ریاست سے 7 لاکھ کی منشیات خریدی تھی، لیکن پھر پیسے واپس کرنے کی بجائے بدمعاشی کرنے لگا۔‘‘

خالد نے مزید بتایا ’’میں گولیمار میں ریاست کے اڈے پر کھڑا ہوتا ہوں، زاہد کے قتل کی سپاری بدنام زمانہ منشیات فروش ریاست نے دی تھی، زاہد کو قتل کرنے 3 بندے گئے تھے۔‘‘

ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق زاہد کی ریکی فہد گجر نے کی تھی، جب کہ اس کا قتل عمر خالو اور خالد نے کیا، جمیل چھانگا ایران سے ریاست جدگال گینگ چلاتا ہے، زاہد کے قتل کی پوری منصوبہ بندی واٹس ایپ پر کی گئی تھی اور تینوں ملزمان کی باتیں آڈیو کی صورت میں مل گئی ہیں۔

Comments

- Advertisement -