اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول پر 72 روپے 33 پیسے لیوی، ڈیوٹیز اور مارجن عائد ہیں، جب کہ حکومت ڈیزل پر ڈیوٹیز ٹیکسز کی مد میں 52 روپے 14 پیسے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول فی لیٹر کی اصل قیمت 177.47 روپے ہے، جب کہ عوام کو وہ 249.80 روپے فی لیٹر دیا جا رہا ہے، اور فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 50 روپے وصول کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کے فی لیٹر پر آئی ایف ای ایم 9 روپے 33 پیسے عائد کیا گیا ہے، جب کہ پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 6 روپے فی لیٹر وصول کیا جا رہا ہے، اور ڈیلرز کا کمیشن 7 روپے فی لیٹر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیزل پر بھی ڈیوٹیز ٹیکسز کی مد میں 52 روپے 14 پیسے فی لیٹر وصول کر رہی ہے، جب کہ ڈیزل کی اصل قیمت 221 روپے 36 پیسے اور عوام کے لیے 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہے۔
حکومت نے مہنگائی کا بم گرا دیا، پٹرول اور ڈیزل 35 روپے لیٹر مہنگا
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 40 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، اور 5 روپے 14 پیسے فی لیٹر او ایم سی مارجن وصول کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل کے فی لیٹر پر ڈیلرز مارجن 7 روپے مقرر ہے، جب کہ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔