اسلام آباد: رواں سال بھی معاشی شرح نمو کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہوسکا۔ حکومت خود اپنا مقرر کردہ معاشی ترقی کا ہدف نہ حاصل کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق جی ڈی پی گروتھ ملکی معیشت کا اہم ترین ہدف تھا۔ رواں مالی سال کے لیے حکومت نے ساڑھے 5 فیصد معاشی ترقی کا ہدف مقرر کیا تھا مگر رواں مالی سال معاشی شرح نمو 5 فیصد بھی نہیں ہوئی۔ معاشی شرح نمو 4.7 فیصد رہے گی۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق زراعت کے شعبے کی غیر تسلی بخش کارکردگی کے باعث معاشی ترقی کی شرح کم رہی۔ رواں مالی سال زراعت کی شرح نمو منفی 0.19 فیصد رہی۔ کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی اس کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
خدمات کے شعبہ نے رواں سال 5.7 فیصد کا مقررہ ہدف حاصل کیا۔ صنعتوں کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ رواں سال انڈسٹریل سیکٹر گروتھ 6.8 فیصد رہی جو کہ ہدف سے زیادہ ہے۔