اسلام آباد : ماہرمعاشیات ڈاکٹراشفاق حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت اس ماہ کے آخر تک 260 روپے تک ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ماہرمعاشیات ڈاکٹراشفاق حسن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت اس مہینے کے آخر میں 260 کے قریب ہوگی، ابھی تو ایک یا 2 بوسٹر اور لگنے ہیں۔
ڈاکٹراشفاق حسن کا کہنا تھا کہ کوئی اور حکومت ہوتی تواتنی زیادہ قیمتیں نہیں بڑھائی جاتیں، اگرکسی کوپاکستان اورعوام سے محبت ہے تو اس طرح قیمتیں نہیں بڑھاتا۔
ماہرمعاشیات نے کہا کہ جب حکومت بدلتی ہے ہمیں آئی ایم ایف ،آئی ایم ایف کھیلنا پڑتا ہے، مشرف گئے اور زرداری آئے تو آئی ایم ایف چلے گئے ، 2013میں ہمیں آئی ایم ایف میں جانے کی ضرورت نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہتے تھے، عمران خان پر دباؤ ڈال کرآئی ایم ایف کےپاس لے جایا گیا، حالات ایسے پیدا کیے جاتے ہیں تاکہ آئی ایم ایف کے پاس جایاجائے، ستمبرتک دیکھیے گا کیسے حالات ہوں گے اور کیا ہوگا۔
ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا کہ معیشت اور حالات کی بہتری جیسے الفاظ اپنی ڈکشنری سےنکال دیں، آئی ایم ایف کےپاس جانے سے کبھی معیشت اچھی نہیں ہوتی، کوئی دردمندایسےظالمانہ طریقے سے قیمتیں نہیں بڑھا سکتا ہے۔
ماہرمعاشیات کا کہنا تھا کہ اب کوئی حکومت آئی ایم ایف کےچنگل سےنہیں نکل سکتی , اگرکوئی حکومت نکلناچاہےبھی تورجیم تبدیل کردیا جائےگا۔
شہباز شریف کے دوروں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف بہت غیرملکی دورےکررہےہیں، ملک میں معاشی ایمرجنسی اور دورے پر بڑے بڑے وفد لیکر جا رہے ہیں، وزیراعظم کومزید بیرون ملک دورے نہیں کرنے چاہئیں، بیرون ملک دوروں پر بہت زیادہ خرچہ آتاہے۔
ٹیکسٹائل سیکٹر سے متعلق ڈاکٹر اشفاق حسن نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر نے بہت اچھا کام کرنا شروع کر دیا تھا، چیئرمین اپٹما نے کہا 3سال میں ہمیں اتنا فائدہ ہوا جتنا ماضی میں نہیں ہوا، ٹیکسٹائل سیکٹر کی گروتھ بہت شاندارجارہی ہے، ٹیکسٹائل برآمدات 20ارب ڈالرتک جاسکتی ہیں۔
ماہرمعاشیات نے مزید کہا کہ اس وقت ایک ایک روپیہ ایک ایک ڈالر بچانے کی ضرورت ہے، لوگ بیرون ملک جاتےہیں ماہانہ سفر پر150 ملین ڈالر جاتا ہے۔