کراچی : شہر قائد میں ڈاکو راج عروج پر ہے، رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئیں، ڈیفنس میں بزرگ ملازم نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈاکو کو بھگا دیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی خیابان اتحاد پر لکڑی کے تاجر کے دفتر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ڈاکو جیسے ہی دفتر میں داخل ہوئے تو دروازے پر موجود ایک بزرگ ملازم نے خطرہ بھانپ کر مزاحمت کی اور ڈاکو کو دفترمیں داخل ہونے سے روک لیا۔
کراچی میں شہری کی بہادری، نوٹوں سے بھرا تھیلا بچا لیا#ARYNews pic.twitter.com/XC3weBbnvq
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) March 13, 2023
مسلح ڈاکو نے اندر داخل ہوکر پستول نکالی اور رقم کا تھیلا طلب کیا، بزرگ شہری نے رقم کی حوالگی کے بجائے بہادری دکھاتے ہوئے ڈاکو کو فوری طور پر باہر دھکیلا اور اندر سے دروازہ بند کردیا۔ خوش قسمتی سے اس دوران ڈاکو نے گولی نہیں چلائی اور بعد ازاں فرار ہوگیا۔
اس حوالے سے چیئرمین آل سٹی تاجراتحاد شرجیل گوپلانی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں ڈاکو بےلگام ہوگئے جو قانون سے بےخوف ہوکر دن دہاڑے ڈکیتیاں کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹمبرمارکیٹ سمیت شہربھر میں ڈکیتیاں ہورہی ہیں، تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔