اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بڑے بجلی گھروں سے بجلی کی فراہمی تاحال نہ ہوسکی۔ بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بحران میں بھی اضافہ جاری ہے۔ بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا۔ وزارت توانائی ذرائع کے مطابق ٹرانسمیشن لاسسز شامل کرنے پر شارٹ فال 8 ہزار میگا واٹ تک پہنچ جاتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرپ ہونے والے سات پاور پلانٹس میں سے صرف ایک سے بجلی کی پیداوار شروع ہوسکی ہے۔ چشمہ تھری پاور پلانٹ سے 300 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو ملنا شروع ہوگئی ہے۔ چشمہ ون، چشمہ ٹو اور چشمہ فور سے بجلی کی پیداوار تاحال معطل ہے۔
آر ایل این جی سے چلنے والے بلوکی، حویلی بہادر شاہ، بھکی پاور ہاؤسز بھی بحال نہ ہوسکے۔ بجلی پیداوار میں کمی کے باعث بڑے شہروں میں 6 اور چھوٹے شہروں میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنس آئل کی سپلائی بھی تاخیر کا شکار ہے۔ وزارت پیٹرولیم کو فرنس آئل کی شپمنٹ رواں ہفتے متوقع ہے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد بھی فرنس آئل کی ترسیل میں وقت لگے گا۔
ذرائع کے مطابق حبکو کے پاس فرنس آئل کا صرف 3 دن کا جبکہ کے الیکٹرک کے پاس پانچ دن کا اسٹاک موجود ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔