ایڈس ایبابا: ایتھوپیا میں احتجاج کے لیے آنے والے فوجی جوانوں کو وزیراعظم نے پش اپس لگوا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم ایبیے احمد نے اپنے آفس کے باہر احتجاج کرنے والے فوجی جوانوں کو احتجاج چھوڑ کر وزرش کروادی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔
ایتھوپیا میں وزیراعظم ہاؤس کے باہر سینکڑوں کی تعداد فوجی جوان تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔
فوجیوں کو دیکھ کر وزیراعظم ایبیے احمد خود باہر چلے آئے اور تمام جوانوں کو 10 پش اپس لگانے کا مشورہ دیا اور خود بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے۔
اس دوران فوجی جوان اپنے مطالبے کو بھول کر وزیراعظم کے ساتھ ہنسی خوشی پش اپس لگانے میں مشغول ہوگئے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق فوجی جوانوں کے ساتھ پش اپس لگانے کے بعد ان کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس میں ان کے مطالبات کو سنا گیا، تنخواہوں میں اضافے کی یقین دہانی کے بعد فوجی جوان واپس روانہ ہوگئے۔