کراچی: صوبائی وزیر ریونیو نے کمشنرحیدرآباد کو خط لکھ دیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دورہ مٹیاری کے موقع پر جن جن سے لوگوں سے ملاقات کی تھی ان سب کا کرونا ٹیسٹ کروایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کا کروناٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان تمام افراد سے متعلق خدشہ سامنے آیا ہے جنہوں نے حالیہ دونوں عمران اسماعیل سے ملاقات کی تھی، گورنر نے حیدرآباد کے ضلع مٹیاری کا بھی دورہ کیا تھا۔
اسی بابت صوبائی وزیر ریونیو نے کمشنرحیدر آباد کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گورنرسندھ مٹیاری میں جہاں جہاں گئے، لوگوں سے ملے ان کا ٹیسٹ کرائیں، مٹیاری میں افسران اور متعلقہ افراد کا ٹیسٹ کرائیں جوگورنر سے ملے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا
صوبائی وزیر نے خط کے ذریعے اس بات پر زور دیا کہ کروناٹیسٹ کے بعد جب تک رپورٹ نہ آجائے تمام مطلوبہ افراد کو قرنطینہ یا پھر گھر میں محفوظ رکھا جائے تاکہ وائرس کی افزائش نہ ہوسکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری والدہ آئی تھیں ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا جس کے بعد ٹیسٹ کرانے کا سوچا۔