سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے کرونا لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے چھوٹے تاجروں کے لیے شاندار فیچر متعارف کرا دیا۔
ایک روز قبل فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ای کامرس کو فروغ دینے کے لیے چھوٹے تاجروں کو اب فیس بک پر دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔
فیس بک کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے فیچر کو ’شاپس‘ کا نام دیا گیا ہے جسے فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین استعمال کرسکتے ہیں۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے فیچر کے ذریعے فیس بک کے اشتہارات پر مبنی کاروبار میں مزید بہتری آسکے گی اور آن لائن کامرس کمپنیوں جیسے ایمازون، ای بے سمیت دیگر کمپیوں کے ساتھ مقابلہ بھی کیا جائے گا۔
مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ ’کرونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والے معاشی نقصان کو پورا کرنے اور معاشرے کی دوبارہ تعمیر کے لیے ای کامرس کو توسیع دینا ضروری ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ اگر آپ دکان یا ریسٹورنٹ کو کھول نہیں سکتے، تو بھی آن لائن آرڈرز لے کر سامان لوگوں تک پہنچاسکتے ہیں، ہم نے اس وبا کے دوران متعدد چھوٹے کاروبار کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے جس کے بعد باقاعدہ فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا’۔
فیچر کے تحت کاروباری ادارے اپنی دکانوں کے لیے اشتہارات خرید سکیں گے اور جب لوگ فیس بک چیک پوائنٹ آپشن کو استعمال کریں گے تو ان سے فیس لی جائے گی۔
اسی طرح چھوٹے کاروباری افراد فیس بک پیجز اور انسٹاگرام پروفائلز میں خریدار کو تلاش بھی کرسکیں گے، فیچر کے تحت چھوٹے دکاندار وں کے اشتہارات فیس بک اور انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی دکھائے جائیں گے۔
دکاندار جو مصنوعات فروخت کے لیے پیش کریں گے وہ شاپ فیچر میں نظر آئیں گی اور صارفین انہیں سیو آئٹمز میں رکھ سکیں گے یا پھر خریداری کے لیے اُن کا آرڈر دے سکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے کچھ کاروباری اداروں کو براہ راست فیس بک پر اشیا فروخت کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے جبکہ دیگر کو اس کے لیے ایک بزنس ویب سائٹ بنانا ہوگی۔
اسی طرح چھوٹے دکاندار میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی کسٹمر سپورٹ فراہم کرسکیں گے جبکہ فیس بک کا خیال ہے کہ وہ گاہکوں اور فروخت کنندہ گان کو چیٹ ونڈو میں خریداری کی سہولت فراہم کرے۔
رپورٹ کے مطابق فیس بک کا شاپس فیچر منگل کو آزمائش کے لیے امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے، آئندہ چند ہفتوں میں یہ فیچر انسٹاگرام پر بھی دستیاب ہوگا۔
Today we’re introducing Facebook Shops, which will make it easy for businesses to set up a single online store on both @facebookapp and @instagram, and soon @messenger and @WhatsApp too pic.twitter.com/bBloRGBFzP
— Facebook (@Facebook) May 19, 2020
اطلاعات ہیں کہ رواں سال اس فیچر کو شاپنگ ٹیب کے نام سے نیوی گیشن بار میں شامل کیا جائے گا اور پھر اسے دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔