تازہ ترین

صارفین کے ڈیٹا کاغلط استعمال، فیس بک کے بانی نے غلطی تسلیم کرلی

مینلوپارک : صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال پرفیس بک نے غلطی تسلیم کرلی، بانی فیس بک مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی،  اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ  دینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال کے بعد فیس بک کو تنقید اور تحقیقات کا سامنا ہے، فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اپنے بیان میں تسلیم کیا کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، جس سے صارفین کے اعتماد کوٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔

مارک زکربرگ نے فیس بک کے حوالے سے متعدد تبدیلیوں کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ جو کچھ ہوا بچنے کیلئے کئی سال پہلے اقدامات کئے تھے، کیمبرج انالیٹیکا کے سلسلے میں بھی ہم نے ٹھوکر کھائی۔ فیس بک کو ایک قدم آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اپنے فیس بک صفحے پر مارک زکربرگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فیس بک میں نے شروع کی تھی اور اس پلیٹ فارم پر جو کچھ ہوتا ہے اس کا ذمہ دار میں ہی ہوں۔

یاد رہے کہ فیس بک کے پانچ کروڑ صارفین کے ڈیٹا کا سیاسی مشاورتی ادارے کی جانب سے غلط استعمال سامنے آنے پر تحقیقات جاری ہیں، صارفین کے ڈیٹا کا مبینہ طور پر امریکی صدارتی انتخاب میں استعمال کیا گیا تھا۔

برطانیہ میں بھی ڈیٹا حاصل کرنے والے سیاسی مشاورتی ادارے کیخلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ فیس بک بانی مارک زکربرگ کو برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے۔

برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا۔

دوسری جانب واٹس ایپ کے شریک بانی نے ڈیلیٹ فیس بک کا پیغام دے دیا جبکہ ٹوئٹرپربھی ڈیلیٹ فیس بک کی مہم چلائی جارہی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -