اشتہار

جعلی اکاؤنٹس کیس، کراچی سےگرفتار 2 ملزمان 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں کراچی سے گرفتار دو ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر کو9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا جبکہ نیب کو آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو مرکزی ملزم آفتاب میمن کے ساتھ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار دو ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا ۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ سے مل کر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کرائی اورجعلی اکاؤنٹس سے اس زمین کے لئے ادائیگیاں کی گئیں، دونوں ملزمان پنک ریزیڈنسی کے پارٹنر ہیں جس کو زمین الاٹ کی گئی۔

- Advertisement -

نیب کا کہنا تھا کہ ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کئے تھے مگر وہ پیش نہ ہوئے جس پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

ملزم عبدالجبار نے کہا جے آئی ٹی میں پیش ہوا تھا مگر واپسی پر اغواء کر لیا گیا، پانچ ماہ سے اپنے خاندان والوں سے نہیں مل سکا ۔

عدالت نے ملزمان کو خونی رشتہ داروں سے ملوانے کا حکم دیتے ہوئے دو ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر کو9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو مرکزی ملزم آفتاب میمن کے ساتھ پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

گذشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس میں کراچی سےگرفتار 2 اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا ، ملزمان میں سیاسی شخصیت کامبینہ فرنٹ مین شبیر بمباٹ، جبار میمن شامل ہیں، 2 اہم ملزمان کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس : کراچی سے مزید 2 افراد گرفتار

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اربوں روپےکی سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی اور قومی خزانے کو 8ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

یاد رہے 8 مارچ کو جعلی اکاؤنٹس کیس نیب نے سیکریٹری کے ڈی اے آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا، آفتاب میمن آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

آفتاب میمن پر سات ایکڑ سرکاری زمین ایک شخص کے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے، اراضی الاٹ کرنے سے قومی خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

مزید پڑھیں :جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا

نیب اعلامیہ میں کہا گیا آفتاب میمن پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور سیکشن نائن اے فائیو کے تحت کرپشن کا الزام بھی ہے جبکہ غیر قانونی الاٹمنٹ کےالزام کی بھی تفتیش جاری ہے۔

بعد ازاں  احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری سندھ آفتاب میمن کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

واضح رہے 7 جنوری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ نیب کو بھجوایا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نیب رپورٹ کا جائزہ سپریم کورٹ کا عمل درآمد بینچ لے گا، نئے چیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے عمل درآمد بینچ تشکیل دیں۔

خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاؤس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں