تازہ ترین

قانون کی تعلیم ان شخصیات نے بھی حاصل کی تھی!

یہ تصویر تو ہمارے ملک کے شہر لاہور کی ہے جہاں کالے کوٹ والے احتجاج کی غرض‌ سے سڑک پر نظر آرہے ہیں. مگر یہاں ہم دنیا کی ان مشہور شخصیات کا تذکرہ کررہے ہیں‌ جنھوں‌ نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وکالت اور دیگر شعبوں‌ میں‌ نمایاں‌ خدمات انجام دیں‌ اور اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کیا.

نیلسن منڈیلا
دنیا بھر میں نسلی امتیاز اور مساوات کے لیے جدوجہد کرنے کے حوالے سے مشہور نیلسن منڈیلا بھی قانون کے طالبِ علم رہے۔ انھوں نے جوہانسبرگ میں وکالت کی تعلیم مکمل کی۔ نیلسن منڈیلا نے افریقی نیشنل کانگریس کے پلیٹ فارم سے نسل پرستی کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا اور آج دنیا بھر میں‌ حقوقَ انسانی کی جدوجہد اور اس راستے میں صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے ثابت قدم رہنے کی وجہ سے انھیں‌ عزت اور احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔

فیدل کاسترو
فیدل کاسترو کو دنیا ایک کمیونسٹ راہ نما اور کیوبا میں انقلاب کے سربراہ کے طور پر جانتی ہے۔ فیدل کاسترو نے یونیورسٹی آف ہوانا سے قانون کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد انھوں نے اپنے سیاسی اور فکری راہ نمائی کے سفر کا آغاز کیا۔ 1926 کو کیوبا میں پیدا ہونے والے فیدل کو طویل جدوجہد کے بعد ملک کا صدر چنا گیا۔

ہلیری کلنٹن
امریکی خاتونِ اول اور اہم ریاستی عہدوں پر خدمات انجام دینے والی ہلیری کلنٹن کو دنیا ایک قانون داں کی حیثیت سے بھی جانتی ہے۔ وکالت کے شعبے میں سرگرم رہنے والی ہلیری کلنٹن نے اس شعبے میں رہتے ہوئے صنفی امتیاز کے خاتمے اور تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے قابلِ ذکر کردار ادا کیا۔1947 میں پیدا ہونے والی ہلیری ان دنوں عورتوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سرگرم ہیں۔

بارک اوباما
امریکی ریاست ہوائی میں 1961 میں پیدا ہونے والے بارک اوباما نے کولمبیا یونیورسٹی اور ہارورڈ کے مدرسۂ قانون سے اس مضمون میں ڈگری حاصل کی۔ بارک اوباما امریکا کے صدر رہے ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے شکاگو میں سماجی کاموں کے ذریعے شناخت بنائی اور پھر بہ طور وکیل کام کیا.

مشیل اوباما
مشیل اوباما نے بھی ہارورڈ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور امریکا میں ایک وکیل کی حیثیت سے نام و مقام بنایا۔ وہ سابق امریکی صدر بارک اوباما کی شریکِ حیات ہیں اور امریکی خاتونِ اول بھی رہ چکی ہیں۔ 1964 میں پیدا ہونے والی مشیل اوباما امریکا اور دنیا بھر میں عورتوں کو انصاف اور تحفظ دینے کے لیے قانونی خدمات کے حوالے سے پہچانی جاتی ہیں۔

گاندھی
4 ستمبر 1888 کو مہاتما گاندھی نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے اور بیرسٹر بننے کے لیے برطانیہ گئے اور یونیورسٹی کالج آف لندن کا حصّہ بنے۔ قانون کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جنوبی افریقا چلے گئے جہاں 1893 میں پریٹوریا میں مقیم مسلم ہندوستانی تاجروں کے قانونی نمائندے کے طور پر کام کیا۔ جنوبی افریقا میں وکالت کے دوران گاندھی نے ہندوستانی باشندوں کے شہری حقوق کی جدوجہد کی۔

Comments

- Advertisement -