ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

فاروق ستار ناراض رہنما کامران ٹیسوری کو منانے میں کامیاب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی کامران ٹیسوری کو منانے کی کوشش رنگ لے آئیں جس کے بعد متحدہ رہنما نے جماعت میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں کامران ٹیسوری نے دیگر پارٹی رہنماؤں سے اختلافات کے بعد ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم جیسے ہی یہ خبر فاروق ستار کی والدہ اور اہلیہ کو موصول ہوئی تو دونوں پارٹی رہنما کو منانے کے لیے اُن کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

بعد ازاں فاروق ستار کی والدہ، اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ’چند لوگ مل کر ہماری کردار کشی کررہے ہیں، پارٹی رہنماؤں کے رویے پر تحفظات ہیں جن پر دیگر عہدیداران سے بات کروں گا‘۔

- Advertisement -

اُن کا کہنا تھا کہ ’والدہ کے کہنے پر فیصلہ تبدیل کیا اور اب فاروق ستار سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات پیش کروں گا اور ممکن ہے کہ پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلوں‘۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری اسپتال منتقل

گزشتہ روز فاروق ستار دیگر پارٹی رہنماؤں اور میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ کامران ٹیسوری کے گھر انہیں منانے کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے قیادت کے سامنے کھل کر اپنے تحفظات کا  اظہار کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کی جانب سے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد کامران ٹیسوری نے دوبارہ پارٹی میں فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا حصہ ہوں اور رہوں گا، کچھ لوگوں سے اختلافات تھے جنہیں کھل کر بیان کیا  جنہیں فاروق ستار اور میئر کراچی نے دور کیا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ فنکشنل کے سابق رہنماء نے گزشتہ برس ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی، متحدہ کی جانب سے کامران ٹیسوری کو حلقہ پی ایس 114 کے ضمنی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا اور کامران ٹیسوری نے مختصر عرصے میں ڈپٹی کنویئر کا عہدہ حاصل کیا تھا۔

حالیہ دنوں اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی آئین میں تبدیلی کرتے ہوئے تمام اختیارات اپنے آپ تک محدود کرلیے، چونکہ کامران ٹیسوری ڈاکٹر فاروق ستار کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں اس لیے یہ باتیں بھی سامنے آئیں تھیں کہ آئندہ آنے والے وقتوں میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیر پارٹی کے بہت طاقت ور شخصیت کے طور پر سامنے آئیں گے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں