خیرپور: رانی پور میں پیر کی حویلی میں کام کرنے والی کمسن ملازمہ کی تشدد سے ہلاکت کی تحقیقات کے دوران پولیس نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے فاطمہ پر جسمانی تشدد کی تصدیق کی ہے اور بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ڈی آئی جی جاوید جسکانی نے کہا کہ تفتیش میں شامل سابق ایس ایچ او، ہیڈ محرر، ڈاکٹر، کمپاؤنڈر کا ریمانڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے، حقائق مسخ کرنے، لاش بغیر پوسٹ مارٹم دفنانے پر ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی سکھر کا کہنا تھاکہ حویلی میں موجود تمام بچوں کو ریسکیو کر کے گھروں میں بھیجنے کے احکامات دیئے ہیں، حویلی میں پولیس کیمپ قائم کر کے تمام لوگوں کے ڈی این اے سیمپلز لئے جائیں گے۔