جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

تاریخ مسخ کرنے پر فواد چوہدری بالی ووڈ پر برہم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارتی فلم ’پانی پت‘ میں مسلمان حکمرانوں کو سفاک دکھانے اور تاریخ مسخ کرنے پر بالی ووڈ کو آڑے ہاتھوں لےلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آشیتوش گواریکر کی ہدایت کاری میں بننے والی تاریخ پر مبنی فلم ’پانی پت‘ شروع سے ہی متنازع رہی ہے جس کی کہانی افغان بادشاہ احمد شاہ ابدالی اور مرہٹوں کے مابین لڑی جانے والی مشہور پانی پت کی جنگ پر مبنی ہے۔

بالی ووڈ فلم میں مسلمان بادشاہ کو ظالم و جابر حکمران کے طور پر پیش کیا گیا ہے جبکہ تاریخ کو بھی مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس پر افغان عوام کو شدید تشویش لاحق ہے۔

افغان عوام کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ نے تاریخ کے کچھ حصّوں کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرکے من گھڑت کہانی شامل کردی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی تاریخ کو مسخ کرنے اور مسلمان بادشاہ کو ظالم و سفاک حاکم کے طور پر دکھانے پر بالی ووڈ پر برس پڑے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ ’جب بیوقوف لوگ آر ایس ایس کے نظریے کے تحت تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم اسی کی امید کرسکتے ہیں، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا‘۔

خیال رہے کہ پانی پت کی مشہور تیسری جنگ افغانی حکمران احمد شاہ ابدالی اور مراٹھاؤں (مرہٹوں) کے درمیان 1761 میں لڑی گئی تھی۔ اس جنگ میں احمد شاہ ابدالی نے مرہٹے جنگجوؤں کو ہرادیا تھا۔

بھارت میں افغانستان کے سابق سفیر ڈاکٹڑ شائدہ ابدالی نے 4 نومبر کو سنجے ٹوئٹر پروفائل پر فلم کا پوسٹر شیئر کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ’تاریخی طور پر بھارتی سینما ہند افغان تعلقات کو مستحکم کرنے میں کارآمد رہاہے۔ مجھے امید ہے فلم ’’پانی پت‘‘ ہماری مشترکہ تاریخ کو ذہن میں رکھ کر بنائی گئی ہے‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’’پدماوت‘‘ میں بھی مسلم حکمران علاؤ الدین خلجی کو ظالم اور سفاک حکمران بنا کر پیش کیا گیا تھا۔

فلم میں سنجے دت افغان بادشاہ احمد شاہ ابدالی کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ارجن کپور مرہٹا جنگجو سدا شیو راؤ باہو کے کردار میں نظر آئیں گے، ان کے علاوہ اداکارہ کیرتی سونن بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی فلم 6 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں