اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے حماد اظہر کو وزیر خزانہ کا اضافی قلم دان ملنے پر مبارک باد دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے حماد اظہر کے لیے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے۔‘
وفاقی وزیر سائنس نے وزیر خزانہ کا قلم دان ملنے پر حماد اظہر کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، اور مزید ترقی کی دعا دی۔
Congratulations @Hammad_Azhar a very well deserved appointment may you rise and rise….. 👍👍👍 https://t.co/abQNmGirHg
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 29, 2021
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ بنا کر اضافی چارج دے دیا ہے، حماد اظہر کے پاس پہلے ہی وزارت صنعت و پیداوار کا قلم دان ہے۔
حماداظہر کو وزارت خزانہ کا اضافی چارج دیدیا گیا
حفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا، اس سلسلے میں شبلی فراز نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان مطمئن نہیں تھے اور پریشان تھے، جب کہ حماد اظہر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چلیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر وزارتوں میں بھی رد و بدل کا امکان ہے، شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا قلم دان اور فواد چوہدری کو بھی اضافی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات اور نشریات کی وزارت کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے پر مشاورت ہو رہی ہے، امکان ہے کہ دونوں کے الگ الگ وزیر مملکت لائے جائیں۔