اشتہار

فیفا ورلڈ کپ، سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کا سفر کیسا رہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کا رنگا رنگ میلہ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور ٹرافی کے حصول کیلیے 32 میں سے 4 ٹیمیں میدان میں رہ گئی ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کل (منگل) اور بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل کل لیونل میسی کی ارجنٹائن اور کروشیا کے مابین ہوگا جب کہ دوسرا سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس اور پہلی بار فائنل فور میں جگہ بنانے والی مسلم عرب ٹیم مراکش ایک دوسرے کے مدقابل ہوں گے۔

ٹرافی کون اٹھائے گا یہ فیصلہ تو آئندہ اتوار 18 دسمبر کو ہوگا لیکن جو بھی کامیاب ہوگا اس کو اس کے حصول کے لیے دو مشکل امتحان پار کرنے ہوں گے۔

- Advertisement -

سمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے رواں ورلڈ کپ کے سفر پر نظر ڈالیں تو ارجنٹائن کا آغاز ایک اپ سیٹ شکست سے ہوا جب سعودی عرب نے اسے ہرا کر دنیا بھر میں نام کمایا۔ تاہم ہار کے بعد ارجنٹائن نے ہمت نہ ہاری اور زخمی شیر کی طرح مخالف ٹیموں پر حملہ آور ہوتے ہوئے پولینڈ، میکسیکو اور نیدر لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

پہلے سیمی فائنل کی دوسری ٹیم کروشیا ہے جس نے بیلجیم اور مراکش سے ڈرا میچز کھیلے اور کنیڈا کو شکست دی۔ ناک آؤٹ میں پنلٹی پر جیت حاصل کی۔ پری کوارٹر فائنل میں جاپان اور کوارٹر فائنل میں ہاٹ فیورٹ برازیل کو شکست سے دوچار کرکے فائنل فور میں جگہ بنائی۔

سیمی فائنل میں پہنچنے والی مراکش ہے جو مشکل سفر طے کر کے سیمی فائنل میں پہنچا۔ فائنل فور میں پہلی بار جگہ بنانے کا اعزاز پانے والی پہلی عرب مسلم ٹیم مراکش نے دنیائے فٹبال کے بڑے ناموں بیلجیم، اسپین اور پرتگال کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔

مراکش کے گول کیپر یاسین بونو بھی کم نہیں۔ وہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور اب تک ایونٹ میں ایک بھی گول نہیں کھایا ہے۔

دفاعی چیمپئن فرانس نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے آسٹریلیا اورڈنمارک کو زیر کیا۔ اس کے بعد پولینڈ اور انگلینڈ کو گھر کی راہ دکھائی۔ فرانس کے امباپے سب سے خطرناک کھلاڑی مانے جا رہے ہیں جو اس ایونٹ میں اب تک 5 گول کرکے ٹاپ پر ہیں جب کہ جیرو نے بھی چار گول کیے ہیں۔

بدھ کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کا شائقین فٹبال بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں کہ کیا فرانس اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے مراکش کو میدان بدر کرے گا یا پھر مراکش ٹورنامنٹ کا ایک اور اپ سیٹ کرتے ہوئے فرانس کو شکست سے دوچار کرے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں