اسلام آباد: وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کویت کے سرمایہ کار ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس کی افتتاحی نشست کی صدارت اسد عمر اور کویت کے وزیرتجارت خالد نصیرعبداللہ نے کی۔
اس موقع پروفاقی وزیرخزانہ نے کویت کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زرعی فارمنگ، دودھ اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
اسد عمر نے کہا کہ کویت کے تاجروں کو مطلوبہ معیار کی زرعی اشیاء اپنے ملک سمیت دوسرے ملکوں کو برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزیرخزانہ نے کہا کویت کے سرمایہ کار گاڑیوں کے پرزہ جات، فوڈ پروسیسنگ اور ٹیکسٹائل سمیت تیل اور گیس کی تلاش کے شعبوں میں پاکستان میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے تاجر اور سرمایہ کار دو طرفہ تجارت کے فروغ کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب کویت کے وزیرتجارت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے دو طرفہ اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام کی ضرورت ہے۔