بھارتی ریاست مہاشٹرا کے شہر ناگپور میں کرونا کے لیے مختص اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں چار مریض جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہارشٹرا کے علاقے ناگپور میں واقع نجی اسپتال میں جمعے کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جو پلک جھپکتے ہی شدت اختیار کر گئی جس کی وجہ سے اسپتال کے دوسرے حصے بھی متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے کرونا سے متاثر 27 مریضوں کو بروقت ریسکیو کر کے دوسرے اسپتال منتقل کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کرونا سے متاثر چار مریض بری طرح جھلسے، جو علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ اسپتال میں کُل 31 مریض زیرعلاج تھے۔
مزید پڑھیں: بھارت کے ایک اسپتال میں کرونا مریضوں سے متعلق بھیانک انکشاف
پولیس افسر نے بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ابھی کسی مریض کی صحت کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں جبکہ انتظامیہ دعویٰ کررہی ہے کہ 27 مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے بعد اسپتال کو خالی کرالیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے اسپتال میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 10نومولود ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹرنٹی اسپتال میں آگ لگنے کے نتیجے میں 10 نومولود جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔