تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

کامیاب فش فارمنگ کے لیے ضروری ہدایات

آج کی دنیا میں غذائی ضروریات تیزی سے بڑھتی جارہی ہیں اور ان سے منسلک وسائل گھٹ رہے ہیں‘ ایسے میں غذائی ضروریا ت کاکاروبار انتہائی سود مند ثابت ہوتا ہےجن میں فش فارمنگ سرفہرست ہے۔ فش فارمنگ ایک ایسا کاروبار ہے جس کی نہ صرف ملک میں بے پناہ ڈیمانڈ ہے بلکہ ملک سے باہر بھی یہ ایک انتہائی توانا مارکیٹ کے طور پر موجود ہے۔

لائیو اسٹاک عموماً ایک نفع بخش لیکن ہائی رسک کاروبار سمجھا جاتا ہے اور یہ ایک حقیقت بھی ہے ‘ اگر آپ فش فارمنگ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ مندرجہ ذیل باتیں آپ کے علم میں ہوں اور انہی معلومات کی بنا پر آپ یہ کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کریں۔

فش فارم بنانے پر بہت سرمایہ لگتا ہے اس لیے تالاب بنانے سے پہلے ضروری ہے کہ پیشگی پلاننگ کی جائے کہ آپ کی ضروریات کیا ہیں اور کس قسم کی اور کتنی مچھلیاں پالنا چاہتے ہیں۔ فارم کی لوکیشن کیسی ہے؟ کیا پانی اور مٹی مناسب ہیں؟ جو فش آپ پالنا چاہتے ہیں‘ کیا اس کا سیڈ دستیاب ہے؟ ‘ تالاب بنانے اور چلانے پر کتنا سرمایہ چاہئے؟ یہ اور اس طرح کے دیگر سوالوں کے جواب جاننا ضروری ہیں۔

اگر آپ فش فارمنگ کا سوچ رہے ہیں تو مندرجہ ذیل اسٹڈی ا ٓپ کے بہت کام آئے گی ‘ ان کو جاننا کامیاب فش کی جانب پہلا قدم ہے۔ آج تالاب بنانے کے لیے کچھ بنیادی معلومات آپ سے شیئر کرتے ہیں۔

جگہ کا انتخاب


فش فارمنگ یا کس بھی قسم کے لائیو اسٹاک کے کام کے لیے جگہ کا انتخاب سب سے اہم مرحلہ ہے‘ کیونکہ مچھلیاں ایک مخصوص ماحول کی عادی ہوتی ہیں اور اگر آپ انہیں وہ ماحول فراہم نہ کرپائیں تو نقصان کا امکان کئی فیصد بڑھ جاتا ہے۔ جگہ کا انتخاب کرنے کے لیے درج ذیل عناصر کے بار ے میں معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔

1- کیا اس جگہ صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک پانی وافر مقدار میں دستیاب ہے؟
2- مٹی کیسی ہے؟ کیا اس مٹی میں پانی کھڑا رہ سکتا ہے؟ ریت یا پتھریلی زمین میں پانی روکنا مشکل ہے۔

مٹی کے مندرجہ ذیل ٹیسٹ کروانے بے حد ضروری ہیں۔

سوائل ٹائپ
سوائل پی ایچ (6 سے 8.5)۔
الیکٹرک کنڈکٹوٹی (100 سے 2000 uS/cm)

3- کیا یہ جگہ آپ کی مچھلی اور فارم کے لیے محفوظ ہے؟
4- کیا اس جگہ ہر قسم کے موسمی حالات (جیسے برسات وغیرہ) میں آمدورفت ممکن ہے؟
5- ذاتی دیکھ بھال ضروری ہے۔ کیا آپ اس جگہ اپنا ٹائم دے سکتے ہیں، اگر نہیں تو کوئی اورجگہ تلاش کریں یا کوئی اور بزنس کرلیں

پانی


1- اگر پانی نہری ہے تو فش فارمنگ کے لیے موزوں ہے اور عام حالات میں کسی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں۔۔
2- اگر بور کا پانی استعمال کرنا ہے تو اسے چیک کروانا ضروری ہے۔
بور کے پانی کیلئے یہ ٹیسٹ کروانے چاہئیں:
الیکٹرک کنڈکٹوٹی (100 سے 2000 uS/cm)
ٹوٹل الکلنٹی (50 سے 150 mg/l as CaCO)
ٹوٹل ہارڈنیس (50 سے 150 mg/l as CaCO)

ان کے علاوہ آئرن، مینگنیز اور فلورائیڈ کی مقدار جاننا بھی ضروری ہے۔

3- اگر لیبارٹری سے چیک کروانا ممکن نہیں تو ایسا پانی جو انسانوں یا مویشیوں کے پینے لائق ہے میٹھے پانی کی مچھلی کے لیے موزوں ہے۔
4- اگر پانی زیادہ کھارا ہے تو سمندر کی مچھلی پال سکتے ہیں۔

ڈیزائن


مچھلی کی فارمنگ کے لیے تالاب کسی بھی شکل کا ہوسکتا ہے لیکن مستطیل تالاب دیکھ بھال کرنے میں آسان ہوتا ہے۔ یہ تالاب کسی بھی سائز کے بنائے جاسکتے ہیں لیکن چھوٹا سائز بہتر ہے۔ سائز اتنا ہو کہ عام حالات یا کسی ایمرجنسی جیسے بیماری، پانی کی خرابی، دوائی کے استعمال، یا ہارویسٹ کرتے وقت مچھلی نکالنا آسان ہو۔ اکثر ملکوں میں ایک کنال سے لیکر دو ایکڑ تک کے تالاب عام ہیں، تاہم ان سے بڑے تالابوں کی بھی کمی نہیں۔

تالاب کی گہرائی اتنی ہو کہ 5 سے 7 فٹ تک پانی کھڑا رہ سکے اور اس کی سطح اس طرح بنائی جائے کہ پانی بغیر پمپ کئے داخل اور نکل سکے۔ اگر دونوں میں سے ایک آپشن ہے تو بغیر پمپ کئے باہر نکلنا زیادہ بہتر آپشن ہے۔ تالاب کی تہہ کو پانی کی نکاس والی سائیڈ پر تقریباً 2 فیصد سلوپ دینا چاہئے تاکہ پانی نکالتے وقت تالاب مکمل خالی کیا جاسکے۔

پانی کے نکاس والی سائیڈ پر کلیکشن پٹ (مچھلی پکڑنے کا جوہڑ) بنانا چاہئے تاکہ پانی نکالنے کے بعد مچھلی ایک جگہ جمع ہو سکے۔ یہ سیمنٹ، لکڑی یا پلاسٹک سے بنایا جاسکتا ہے۔ انلیٹ اور آئوٹ لیٹ یعنی پانی نکلنے اور داخل ہونے والے اسٹرکچر ایسے ہوں کہ ان میں وائلڈ فش کو روکنے کے لیے جالیاں آسانی سے لگائی جاسکیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ بندوں کی اونچائی اور چوڑائی تالاب کی سائز سے مطابقت رکھتی ہو اور بندوں کی کٹائی روکنے کے لیے اندر کی جانب مناسب سلوپ ہو

فارم کی پلاننگ


اگر آپ فش فارم میں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو جتنے رقبہ پر آپ فارم بنانا چاہتے ہیں اسکا نقشہ بنائیے۔ کچھ تالاب چھوٹے رکھیں اور کچھ بڑے۔ چھوٹی اور بڑی مچھلیوں کی اپنی اپنی ضروریات ہوتی ہیں۔ اورمچھلیوں کی مختلف اقسام کی ضروریات بھی مختلف ہوتی ہیں۔ ان کے علاوہ پونگ یا فش سیڈ کے کئی مرحلے ہوتے ہیں اور تالاب ان کی سائز کے حساب سے بنائے جاتے ہیں۔ نرسری کسی بھی فش فارم کی کامیابی میں اہم ہے لہٰذا اسے بھی اپنی پلاننگ میں شامل رکھیں۔ تمام تالابوں کے پانی کی سپلائی اور نکاس کی بھی پلاننگ کریں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ مندرجہ بالا تمام نکات آسانی سے آپ کی سمجھ میں آگئے ہیں اور ان پر عمل کرنے کے لیے آپ کے پاس بھرپور وسائل اور افرادی قوت موجود ہے تو قدم بڑھائیے ایک کامیاب کاروبار آپ کا منتظر ہے۔

Comments

- Advertisement -