کراچی: پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے ملک میں فوڈ سیکورٹی کی صورتحال گزشتہ کئی سال سے مسلسل خراب ہو رہی ہے جو نیشنل سیکورٹی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی کو مناسب مقدار میں کھانا میسر نہیں جو کہ ظلم ہے، مغربی ممالک میں کساد بازاری نے جہاں برامدات کو متاثر کیا ہے وہیں دنیا بھر میں فوڈ سیکورٹی کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ، جس سے نمٹنے کیلئے ترتمام ممالک کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوڈ سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے سرمایہ کاری اور پالیسی اصلاحات غیر اطمینان بخش ہیں جن پر خاطر خواہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ابھی تک فوڈ سیکورٹی کے متعلق کوئی جامع سروے بھی نہیں کیا گیا اسلئے پالیسی ساززمینی حقائق کے مطابق موثر اقدامات سے قاصر ہیں۔