پشاور: خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی انجیئر حامد الحق خطروں کے کھلاڑی بن گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان عمران خان کے کھلاڑی حامد الحق انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میں نظر انداز ہونے کے بعد جب سے پراجیکٹ انجینئر بنائے گئے ہیں، تب سے ان کے سر پر خطروں کا کھلاڑی بننے کا بھوت سوار ہو گیا ہے۔
انجینئر حامد الحق دوستوں کے ساتھ شرط لگا کر کبھی بغیر حفاظتی کٹ 50 میٹر اونچے اشتہاری بورڈ کے پول پر چڑھتے نظر آتے ہیں، وہ بھی فقط ایک ہزار روپے جیتنے کے لیے اور کبھی چیتے جیسی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوڑتی ہرن کو دبوچ لینے کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میں نظر انداز کر دیے گئے تھے جس کے بعد وہ سینٹ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ ملنے کی آس پر خاموشی سے سیاسی گوشہ نشینی کی زندگی گزار رہے تھے، تاہم سینٹ انتخابات میں دوڑ دھوپ کے بعد بھی حامد الحق کو ٹکٹ نہ مل سکا، انھوں نے ٹکٹ ملنے کی آس پر جنرل اور ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر کاغذات بھی جمع کرا دیے تھے۔
پارٹی سے طویل وابستگی اور ٹکٹ کی تقسیم میں نظر انداز ہونے کے باوجود اُف تک نہ کرنے پر صوبائی حکومت نے انھیں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی پر مامور کرتے ہوئے پراجیکٹ انجیئر کا عہدہ دے دیا۔
یہ عہدہ ملنے کے بعد پارٹی سرگرمیوں میں ہمیشہ گرم جوشی کا مظاہرہ کرنے والے انجینئر حامد الحق کے سر پر خطروں کا کھلاڑی بننے کا بھوت سوار ہوگیا ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ان کی کئی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں، جن میں وہ شرط جیتنے کے لیے پھرتی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔
اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور ہرن کا پکڑنا آسان نہیں ہوتا، لیکن ایک ویڈیو میں حامدالحق دوستوں سے 5 ہزار کی شرط پر ہرن پکڑنے کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں، سابق رکن قومی اسمبلی نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ سوئمنگ پول میں 10 فٹ اونچی دیوار سے چھلانگ لگانے کی شرط بھی لگا بیٹھے، جس کے جیتنے کے بعد انھوں نے اس عمر میں اپنے سے کم عمر تیراک کے ساتھ تیراکی کا مقابلہ بھی کیا اوراس میں بھی کامیابی حاصل کی۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی متحرک رہنے کے لیے روزانہ بیڈمنٹن کھیلتے ہیں، جب کہ اکثر دوستو کے ساتھ گپ شپ میں شرط لگا کر کوئی مشکل ٹاسک سر انجام دینے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، جس کا مقصد پیسہ کمانا نہیں بلکہ خود کو متحرک رکھنا ہوتا ہے۔
کپتان کے کھلاڑی کی شرطیں لگا کر مشکل ٹاسک پورے کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہیں، صارفین ان پر دل چسپ تبصرے کرتے ہیں، کسی نے انھیں عمر کی ففٹی کراس کرنے کے بعد بھی اتنی چستی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر داد دی، تو کسی نے طنز کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ایم این اے صاحب کا اب تنخواہ میں گزارہ مشکل ہوگیا ہے اس لیے وہ گزر بسر کے لیے شرطیں لگا کر پیسہ کما رہے ہیں، جب کہ کسی نے کپتان کے کھلاڑی کی ان حرکات کو مشروبات کے اشتہارات میں چانس ملنے کی کوشش قرار دیا۔