ماسکو : روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے روسی کوہ پیما کی جان بچانے والے چار پاکستانی شہریوں کو روس کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے جولائی کے آخر میں گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں پر حادثے کا شکار ہونے والے روسی کوہ پیما کی زندگی بچانے والے 4 پاکستانیوں کو ’آرڈر آف دی فرینڈ شپ‘ ایوارڈ سے نوازا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایوارڈ پانے والے قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انجم رفیق اور فخرِ عباس اس ریسکیوں کارروائی میں شامل تھے جس میں پاک افواج کے جوانوں نے پہاڑ پر پھنسے ہوئے روسی کوہ پیما کو نکالا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس روسی کوہ پیماء الیگزینڈر گوکوف اپنے ساتھی سرگئی گلازونوف کے ہمراہ شمالی علاقہ جات کے بیاؤف گلیشئر کی لتوک چوٹی پر 20 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر پچیس جولائی سے پھنسے ہوئے تھے اور ان کے پاس 3دن قبل کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہوگیا تھا۔
گلازونوف چوٹی سے گرکر ہلاک ہوگئے تھے تاہم مسلسل کوششوں کے بعد بالاخر پاک فوج کے پائلٹس کو کامیابی ملی اور روسی کوہ پیماء کوچوٹی سے نکال کر سی ایم ایچ اسکردومنتقل کردیا گیا۔
پاک افواج نے اہلکاروں نے روسی کوہ پیما کو مسلسل کوششوں کے بعد 31 جولائی کو ریسکیو کیا تھا۔
خیال رہے پاک فوج کا بیاؤف گلئشیر کی 20 ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر کیا جانے والا پہلا ریسکیو آپریشن تھا جو کامیاب رہا۔