تازہ ترین

رافیل طیاروں کی خرید و فروخت، بھارت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تحقیقات کا حکم

پیرس: فرانسیسی عدالت نے بھارت کے ساتھ طے ہونے والے رافیل طیاروں کی خریدو فروخت کے معاہدے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی عدالت نے حکومت کی بھارت سے رافیل طیاروں کی ڈیل کے متعلق  تحقیقات کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالت نے رافیل طیاروں کی خرید و فروخت میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور جانبداری کے الزامات کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا۔ رپورٹ کے مطابق فرانس  نے بھارت سے 2016 میں 36 رافیل طیاروں کی فروخت کا معاہدہ کیا تھا جس کی مالیت 58 ہزار کروڑروپے کے قریب تھی۔

مزید پڑھیں: رافیل طیارے : کروڑوں روپے رشوت لینے والی بھارتی کمپنی کا بھانڈا پھوٹ گیا

یہ بھی پڑھیں: فرانس نے رافیل طیارے پہلی کھیپ بھارتی فضائیہ کے حوالے کردی

ان طیاروں کی لین دین اور معاہدے کے معاملے پر متعدد بار فرانسیسی حکومت پر تنقید کی جاچکی ہے جبکہ فرانس سے تعلق رکھنے والے صحافی مختلف اخبارات میں کالم لکھ کر اس معاہدے کو بے نقاب کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ فرانس کی ایئرکرافٹ بنانے والی کمپنی کو بھی اس معاہدے کے حوالے سے تنقید اور سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ مبصرین کا کہنا ہے کہ 7 ارب 8 کروڑ یورو کی ڈیل کر کے 36 طیارے بھارت کے حوالے کیے گئے۔

کمپنی نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کی تردید کی اور طیاروں کی فروخت کے حوالے سے تمام شواہد پیش کرنے کی پیش کش بھی کی ہے۔

Comments

- Advertisement -