اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

عام انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق ہدایت نامہ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے آج سے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق قومی اسمبلی کے امیدوار کی فیس 30 ہزار  جب  کہ صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار کی فیس 20 ہزار روپے ہے۔ امیدوار یہ فیس نقد یا بینک کی کسی بھی شاخ میں جمع کرا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کی عمر کا غذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تک 25 سال سے کم نہ ہو۔ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو سکتا ہے تاہم  صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امید وار متعلقہ صوبے کا ووٹر ہی امیدوار ہونے کا اہل ہوگا۔

قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کیلیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کی اہلیت و نا اہلیت کی تفصیلات آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 میں درج ہیں۔ اس کے علاوہ جنرل نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہے۔

خواتین نشستوں کے تجویز اور تائید کنندگان کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازم ہے جب کہ غیر مسلم نشستوں کیلیے امیدوار کے تجویز وتائید کنندہ پاکستان کے کسی بھی حصے کے ووٹر ہو سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی میں اگر کوئی خانہ امیدوار سے متعلقہ نہ ہو تو وہاں این اے لکھ دیا جائے۔ امیدوار اپنی تازہ ترین تصویر کاغذات نامزدگی پر مخصوص جگہ پر چسپاں کرے گا

ہدایت نامے میں تحریر ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امیدوار کا بینک اسٹیٹمنٹ منسلک کرنا لازمی ہو گا جب کہ انتخابی اخراجات کے حوالے سے ہر امیدوار بینک میں خصوصی اکاؤنٹ کھولے گا یا پہلے سے موجود بینک اکاؤنٹ کی تفصیل کاغذات نامزدگی میں درج کرے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بینک اسٹیٹمنٹ میں ٹرانزیکشنز کی تفصیلات درج ہیں، بینک اکاؤنٹ جسے امیدوار انتخابی اخراجات کیلیے استعمال کرے گا وہ سنگل اکاؤنٹ ہوگا اور کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی  امیدوار اسٹامپ پیپر پر دے گا جس کی تصدیق وہ اوتھ کمشنر سے کرائے گا۔ امیدوار اپنی بیوی یا شوہر اور زیر کفالت بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیل فارم بی میں درج کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 8 بجے سے سہ پہر ساڑھے چار بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اس کے ساتھ گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کی دستاویزات اور اپنے پاسپورٹ کی مکمل کاپی کی نقول بھی لازمی منسلک کرنا ہوں گی۔

کاغذات نامزدگی امیدوار یا اس کے تجویز کننده، تائید کنندہ یا امیدوار کی جانب سے تحریری طور پر مجاز شخص جمع کرا سکتا ہے تاہم مجاز شخص کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی اتھارٹی لیٹر کی تصدیق نوٹری یا اوتھ کمشنر کی جانب سے ہونا لازم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں