کراچی: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ پر ہم اقوام متحدہ کے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے پیر کو قائد اعظم میوزیم کراچی میں پاک جرمن کونسل کی دعوت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔
جرمن سفیر نے کہا پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے، جن کے ساتھ ہمارے اچھے تجارتی تعلقات ہیں، پاکستان کی ترقی میں جرمنی ہر ممکن مدد فراہم کرتا آ رہا ہے، پاکستان اور جرمنی مستقبل میں بہتر تجارتی تعلقاتِ کے ذریعے تجارتی حجم بڑھا سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا روس یوکرین جنگ میں ہم یوکرین کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کرتے ہیں، روسی گیس کے حوالے سے جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی روس سے سستی گیس خریدتا ہے اور ہم گیس کی مسلسل فراہمی پر یقین رکھتے ہیں۔
اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر گریز کرتے ہوئے جرمن سفیر نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین تنازعے پر جرمنی اقوام متحدہ کے ساتھ ہے۔