برلن: جرمنی میں چاقو بردار شخص نے مختلف مقامات پر حملے کیے جس کے باعث 3 خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں پیش آیا جہاں نامعلوم شخص نے مختلف مقامات پر چاقو سے حملے کرکے تین خواتین کو شدید زخمی کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زخمی خواتین میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ حملہ آور کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کردی۔
شہر نیورمبرگ میں ان حملوں کا نشانہ بننے والی خواتین کی عمر 56، 34 اور 26 برس ہیں، حملوں کے بعد ان خواتین کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں کی سرجری ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر 25 سے 30 برس کے درمیان ہو سکتی ہے جبکہ اس کا قد پانچ فٹ نو انچ سے پانچ فٹ گیارہ انچ کے درمیان ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آور سے متعلق اہم معلومات اکھٹی کرلی گئی ہیں، جلد گرفتاری عمل میں آئے گی، بعد ازاں حملے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔
جرمنی میں افغان شہری کا چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی
خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں جرمن شہر راوینز برگ میں غیر قانونی افغان مہاجر نے تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے دو شامی مہاجر سمیت تین شہریوں کو زخمی کردیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں مسافروں سے بھری بس جرمنی کے شہر لیوبیک کے ایک معروف ساحل کی طرف رواں دواں تھی کہ بس میں بیٹھے ایک شخص نے چاقو نکال کر لوگوں پر حملہ کرنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔