تازہ ترین

وبا کو قابو کرنے کی صلاحیت، ترقی یافتہ ممالک کی چین سے متعلق رائے

واشنگٹن: ایک سروے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں چین کی جانب سے کووِڈ 19 سے نمٹنے کے حوالے سے مثبت خیالات میں اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی مسائل اور عوامی رائے سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے امریکی تھنک ٹینک پیو مرکز تحقیق (Pew Research Center) نے ایک سروے کے نتائج کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں چین کے بارے میں مثبت خیالات میں اضافہ ہو گیا ہے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کا اب یہ خیال ہے کہ چین نے بہتر طور سے وبا کو قابو کیا۔

یہ سروے مارچ سے مئی کے دوران کیا گیا تھا، جس کے نتائج ایک رپورٹ میں شائع کیے گئے، اس میں کہا گیا ہے کہ 49 فی صد افراد کا کہنا ہے کہ چین نے عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے بہتر کام کیا ہے، جب کہ 43 فی صد نے کہا کہ اس کی کارکردگی ناقص رہی ہے۔

سال 2020 اور 2021 کے موسم گرما میں یہ سروے 12 ترقی یافتہ ممالک میں کیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ ترقی یافتہ دنیا کے اب زیادہ لوگ وبا کے خلاف چینی رد عمل کو سراہتے ہیں، دیکھا گیا کہ بیلجیم، اسپین اور نیدرلینڈ جیسے مقامات میں اس میں کم از کم 15 فی صد کا اضافہ ہوا۔

جن ممالک میں یہ سروے کیا گیا ان میں بیلجیم، اسپین، نیدرلینڈز، اٹلی، کینیڈا، سویڈن، آسٹریلیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

ان ممالک میں بالغ افراد سے چین کے حوالے سے استفسار کیا گیا کہ وہ وبا کی روک تھام کے سلسلے میں چین کے رد عمل کو کیسے دیکھتے ہیں، ان کی رائے میں چین نے کیا مؤثر طریقے سے وبا کو قابو کیا۔

واضح رہے کہ کروبا وبا کے خلاف چین کے ابتدائی رد عمل کو عالمی سطح بالخصوص امریکا میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، اور چین پر اس سلسلے میں معلومات چھپانے کے بھی الزامات لگائے گئے، تاہم اس کے باوجود لوگوں کے چین کے بارے اس سلسلے میں مثبت خیالات میں اضافہ ہوا، لوگوں کا سروے میں کہنا تھا کہ بیجنگ نے وبا کو قابو کرنے کے لیے اچھا کام کیا۔

Comments

- Advertisement -