اسلام آباد: حکومت نے قومی بچت اسکیموں کےشرح منافع میں اضافہ کردیا، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شرح منافع میں تبدیلی کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی بچت اسکیموں کےشرح منافع میں تبدیلی کردی گئی اور اس حوالے سے وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ، شرح منافع میں اضافے کا اطلاق آج سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ 10سالہ ڈیفنس سیونگزسرٹیفکیٹ پرشرح منافع 9.35 فیصد اور ریگولرانکم سیونگزسرٹیفکیٹ پرشرح منافع 8.76فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 6 ماہ کےشارٹ ٹرم سیونگزسرٹیفکیٹ پرشرح منافع 7.20فیصدمقرر کیا گیا ہے جبکہ اسپیشل سیونگزسرٹیفکیٹ ، بہبود،پنشنرز اور شہدا فیملی اور سیونگزاکاؤنٹ سرٹیفکیٹ پرشرح منافع برقراررہےگا۔
یاد رہے مئی میں وزارت خزانہ کی جانب سے مختلف قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جس میں شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس اور پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس کا منافع 11.52 فیصد سے کم کرکے 11.04 فیصد مقرر کردیا تھا۔
وزارت خزانہ نے 10 لاکھ کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع میں 600 روپے کمی کرکے 7200 کردی تھی ، اس سے پہلے ماہانہ منافع 7800 روپے مقرر تھا۔
وزارت خزانہ نے پانچ لاکھ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع میں پانچ سو روپے کمی کے بعد 37 ہزار سے کم کرکے 36 ہزار 500 روپے کردیا گیا تھا ۔
اسپیشل سیونگ اکاؤنٹس پر منافع 9.20 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کردیا گیا جب کہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع کی موجودہ شرح کو برقرار رکھا گیا ہے۔