گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں نامعلوم ملزمان نے سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے خاتون اور اس کے چار بچوں کو قتل کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود ڈوگراں والا میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر خاتون اور اس کے چار بچوں کو سفاکانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتاردیا ہے، واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہوگئے ہیں۔
پولیس نے ڈوگراں والہ میں ماں اور چار بچوں کے قتل کیس کی ابتدائی تفتیش رپورٹ تیار کرلی ہے،رپورٹ کے مطابق ماں اور بچوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، فائرنگ سے جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ سے 12 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں تین بچیاں اور ایک بچہ شامل ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے پسند کی شادی کررکھی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت خاتون کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا، دلخراش حادثے سے متعلق مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔