لاہور: پاکستان کی نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ترک ڈرامے ارظغرل غازی کا ٹائٹل سانگ گا کر سب کے دل جیت لیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر حدیقہ کیانی نے ارطغرل غازی کا گانا گانے کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں ترکی سے اتنا زیادہ لگاؤ رکھنے کی وجہ بھی بیان کردی۔
حدیقہ کیانی نے لکھا کہ ’پاکستان اور ترکی کے لیے میری محبت کسی بھی دوسرے ملک سے بہت مختلف ہے، میرے آباؤ اجداد کا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے تھا، اسی وجہ سے میں بچپن ےس ہی ترکی سے جذباتی وابستگی رکھتی ہوں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے بچپن میں ہمیشہ ترکی میں منتعقد ہونے والے بچوں کے عالمی میلے میں اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی بھی کی، 2005 میں جب میں ترکی گئی تو میں نے ’اتاترک کلچر سینٹر اینڈو اوپیرا ہاؤس‘ میں پاکستان کی نہ صرف نمائندگی کی بلکہ ترکی کا مشہور گانا ’سین اگلاما‘ گانے کا اعزاز بھی حاصل کیا‘۔
مزید پڑھیں: ارطغرل کی حلیمہ کا پاکستان آنے کا اعلان
گلوکارہ نے لکھا کہ ’اب 2020 میں پاکستان میں ارطغرل غازی کی کامیابی کے بعد میں نے ایک بار پھر ترکی سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کا ارادہ کیا اور ارطغرل غازی کا ٹائٹل سانگ گایا‘۔
حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس گانے کے ذریعے ترکی کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا، میری دعا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین ثقافت، فن اور محبت کے ذریعے دوستی ہمیشہ پروان چڑھتی رہے، امید ہے آپ کو میری آواز میں گانا پسند آئے گا‘۔