اشتہار

شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن کو بڑا جھٹکا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: ملکہ برطانیہ، ملکہ الزبتھ نے شاہی خاندان سے الگ ہوجانے والے اپنے پوتے ہیری اور ان اہلیہ میگھن مرکل کو شاہی لقب ’سسکیس رائل‘ استعمال کرنے سے روک دیا ہے جس سے جوڑے کی فلاحی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے باوجود سسکیس رائل کا لقب استعمال کر رہے تھے۔ یہ وہ لقب ہے جو تخت نشینی کی قطار میں موجود افراد کو ان کی شادی کے موقع پر دیا جاتا ہے۔

اس لقب کا اعلان ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کے روز صبح کے وقت کیا گیا تھا کہ ملکہ کی جانب سے دیے گئے لقب کے تحت ان دونوں کو اب سے ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکیس کہا جائے گا۔

- Advertisement -

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد اب یہ جوڑا اس نام کو ایک برانڈ کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

علیحدگی کے اعلان کے فوراً بعد جوڑے نے اس نام سے اپنی ویب سائٹ بھی تیار کروالی تھی، ان کے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی اسی نام سے ہیں، جبکہ وہ اپنی فلاحی و کاروباری سرگرمیوں میں اس نام کے استعمال کے لیے رجسٹریشن پر خطیر رقم بھی خرچ کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر گھر لے لیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڑا اس نام سے اپنا فلاحی ادارہ بھی قائم کرنے کے مراحل سے گزر رہا تھا۔

تاہم اب ملکہ نے انہیں اس نام کے استعمال سے روک دیا ہے جس کے بعد جوڑے کو اپنی برانڈنگ کے لیے نیا نام چننا ہوگا۔

یہ فیصلہ ملکہ کی زیر صدارت ایک اور بیٹھک میں کیا گیا جس میں ہیری بھی شریک تھے، ہیری نے دیگر شرائط کی طرح اس شرط پر بھی رضا مندی کا اظہار کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکہ نے یہ ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ دونوں اب شاہی خاندان کا حصہ نہیں ہیں لہٰذا اب یہ دونوں خود کو بطور شاہی افراد پیش نہیں کر سکیں گے۔

شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات، سرکاری مالی امداد اور دیگر شاہی مراعات سے پہلے ہی ہاتھ دھو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے رواں برس کے آغاز پر شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کیا تھا۔

شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

شاہی خاندان چھوڑنے کے بعد جوڑا اب کینیڈا منتقل ہوچکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں