جنات کا وجود ایک حقیقت ہے، بعض جنات انسانوں کو کوئی تکلیف نہیں پہنچاتے لیکن بعض جنات اپنے تخلیے میں کسی کو برداشت نہیں کرتے اور ان کا جینا محال کردیتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ واقعہ اداکارہ نتاشا علی کے ساتھ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ نتاشا علی نے اپنے ساتھ ہونے والا ایک خوفناک واقعہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل بخاری اور ٹیم کے ساتھ ایک شوٹ کے لیے نلتر گئی تھیں۔
وہاں رہنے کی کوئی جگہ نہیں ملی تو انہوں نے ایک زیر تعمیر گیسٹ ہاؤس کھلوایا اور وہاں رک گئے۔
نتاشا نے بتایا کہ پہلے دن شوٹ سے واپسی پر جب وہ واپس گیسٹ ہاؤس پہنچے اور رات کا کھانا لگایا جارہا تھا تو ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، میز پر کھانے کی بڑی ہانڈیاں رکھی ہوئی تھیں اور وہ سب کھانا شروع کرنے جارہے تھے کہ اچانک پوری میز خود بخود الٹ گئی۔
اس واقعے سے سب ڈر گئے اور سب نے اگلی صبح وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا، رات سونے کے لیے جب سب اپنے کمروں میں تھے تو برابر کے کمرے سے ایک چیخ سنائی دی، جب سب وہاں پہنچے تو علم ہوا کہ کمرے میں ایک شعلہ گھوم رہا تھا جو اداکار حنان کے اوپر گرا اور جب تک وہ اسے ہٹاتے ان کی ٹانگ کا ایک حصہ جل چکا تھا۔
اس کے بعد فیصل بخاری نے وہاں کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ ہم یہاں صرف اپنے کام کے لیے آئے ہیں اور ہمارا ارادہ 2 دن رکنے کا تھا لیکن ہم کل صبح واپس جارہے ہیں، ہمیں صرف آج رات یہاں رکنے کی اجازت دی جائے۔
نتاشا کے مطابق اس کے بعد بھی خوفناک آوازوں کا سلسلہ جاری رہا۔
اس کے بعد اگلی صبح جب سب وہاں سے نکل رہے تھے تو ایک اداکار نے بتایا کہ انہوں نے وہاں کسی کا سر دیکھا تھا، اور وہ اسے دیکھ کر بالکل بے جان ہوگئے اور ان کے منہ سے آواز نہیں نکل پارہی تھی۔